16 مئی ، 2018
لاہور: دن بھر گدو مظفر گڑھ لائن میں خرابی کے باعث بجلی سے محروم رہنے علاقوں میں صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے۔
خرابی کے باعث لاہور، ملتان، بہاولپور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر شہر بجلی سے محروم ہوگئے تھے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ مین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی آئی تھی، سسٹم 5 بجکر 13 منٹ پر معمول پر آگیا تھا اور اب خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بجلی بحال ہورہی ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ بیشتر متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بریک ڈاؤن کی وجہ شارٹ فال نہیں تھا بلکہ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی آگئی تھی جس کے باعث کے پی اور پنجاب میں بجلی معطل ہوئی۔
اویس لغاری نے بتایا کہ آج کی صورت حال سے کراچی میں بجلی کی فراہمی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چار دسمبر سے اب تک شیڈول کے مطابق بجلی کی طلب و رسد کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔
بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پنجاب کے صدر مقام لاہور میں بجلی مکمل طور پر غائب ہوگئی تھی، پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بجلی نہ ہونے پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔
نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر بھی بجلی کا بریک ڈاؤن رہا جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملتان، بہالپور، چکوال سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بجلی غائب ہوئی۔
خیبرپختونخوا کے شہر لکی مروت میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی غائب رہی اور سوات میں صبح 10 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کا بریک ڈاؤن تربیلا پاور پلانٹ کے باعث نہیں بلکہ گدو مظفر گڑھ لائن میں خرابی سے ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا پاور اسٹیشن کو بحال کر دیا گیا۔
ترجمان پاور ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے، کراچی، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں صورتحال ٹھیک ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن کا کہنا ہے کہ تربیلا پاور پلانٹ سے شروع ہونے والی ٹرپنگ سے چاروں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس بھی ٹرپ کرگئے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا۔
اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن سے متعلق شام تک انکوائری مکمل ہوجائے گی۔
ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 20 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے۔
ادھر پنجاب کی صنعتوں کو 10 گھنٹے لوڈشیدنگ کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد ہوگا۔