Time 17 مئی ، 2018
دنیا

شاہی شادی پر شرطیں: میگھن کی آمد، شہزادہ ہیری کی شیو اور ملکہ کی ٹوپی

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی 19 مئی کو ہوگی—۔ فائل فوٹو

لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل 19 مئی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں، اس شاہی شادی کے خوب چرچے تو ہو ہی رہے ہیں، ساتھ ساتھ عجیب و غریب شرطیں لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 

یو ایس اے ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے ایک بڑے اسپورٹس گیمبلنگ ہاؤس سے وابستہ پیڈی پاور نے بدھ کی صبح 13 شرطوں کی تجویز پیش کی، تاکہ سٹے باز اس میں حصہ لے سکیں۔

ان شرطوں میں سے کچھ یہ ہیں:

کہیں میگھن شادی کی تقریب میں لیٹ تو نہیں ہوجائیں گی؟

شہزادہ ہیری شیو کریں گے یا نہیں؟

سبز ٹوپی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پسندیدہ ہے—۔ فوٹو/ بشکریہ ایکسپریس ڈاٹ یوکے

کیا ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سبز ٹوپی پہنیں گی؟

کیا میگھن مارکل کے ساتھی اداکار پیٹرک ایڈمز شادی میں شریک ہوں گے؟

مرکزی ڈش کے طور پر کیا پیش کیا جائے گا؟

کیا شادی میں بارش ہوگی؟ (جیسا کہ یہ بارشوں کا موسم ہے)

جوڑے کا پہلا بچہ کس سال میں پیدا ہوگا اور اس کا نام کیا ہوگا؟

 یہ اور اس جیسی کئی عجیب شرطیں شاہی شادی پر لگائی جارہی ہیں۔

دوسری طرف میگھن کے والد کی شادی میں شرکت کے بارے میں بھی متضاد خبریں گردش کر رہی ہیں۔

رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ میگھن کے والد تھومس مارکل نے ایک پاپارازی (فوٹوگرافر) کو شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنی کچھ تصاویر فروخت کیں، جبکہ یہ بھی رپورٹس ہیں کہ دل کے دورے کے باعث وہ اپنی بیٹی کی شادی میں شریک نہیں ہوں گے۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں میگھن مارکل کے سوتیلے بھائی تھومس مارکل جونیئر نے شاہی شادی رکوانے کے لیے شہزادہ ہیری کو خط بھیجا تھا۔

تھومس مارکل جونیئر نے بذریعہ خط شہزادے ہیری کو خبردار کیا تھا کہ اب بھی وقت ہے وہ شادی سے انکار کردیں کیونکہ میگھن ان کے قابل نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میگھن خود غرض، فریبی اور سرد مزاج ہیں اور شاہی خاندان میں ان کا اضافہ مثبت ثابت نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :