Time 19 مئی ، 2018
پاکستان

کراچی: طلباء کو مفت فراہم کی جانے والی درسی کتابیں کباڑی کے گودام سے برآمد

لانڈھی میں پولیس نے کباڑ کے گودام پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں کتابیں برآمد کیں—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی میں طالب علموں کو مفت فراہم کرنے کے لیے رکھی جانے والی درسی کتابیں کباڑی کے پاس پہنچنے کے انکشاف کے بعد پولیس نے کارروائی کرکے کراچی کے علاقے لانڈھی سے سندھ ٹیکسٹ بورڈ کی کتابوں کی بڑی تعداد ایک کباڑ کے گودام سے برآمد کرلیں۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) لانڈھی لعل بخش سولنگی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ لانڈھی میں پولیس نے کباڑ کے گودام پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں کتابیں برآمد کیں۔

برآمد کی جانے والی کتابیں لاکھوں روپے مالیت کی ہیں جو کہ طلباء کو مفت فراہمی کی جانی تھیں۔

ڈی ایس پی لانڈھی نے بتایا کہ برآمد کتب کا وزن 2 ہزار 5 سو کلوگرام کے لگ بھگ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کباڑی رضوان نے تمام کتابیں 12 اور 13 روپے کلو کے حساب سے خریدی تھیں، جنہیں گتہ فیکٹری لے جایا جا رہا تھا۔

واقعے کا مقدمہ محکمہ تعلیم کے افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کباڑی رضوان کو گرفتار کرلیا گیا، جس سے تفتیش جاری ہے۔


مزید خبریں :