کوشش ہے نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل ہو: خورشید شاہ


اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ ہماری کوشش ہے کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل ہو۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان نگراں وزیراعظم کےنام پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد ایک اور ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نےکہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے لیے ناموں پر بحث ہوئی، ہماری کوشش ہے کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل ہو، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمارے دیے گئے نام اچھے ہیں ان پرمزید غور کرنا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ اگر نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا تو چار چار افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائےگی جس پر اکثریت ہوگی وہ نام آجائے گا۔

اپوزیشن لیڈر کاکہنا تھاکہ وزیراعظم سے بدھ یا جمعرات کو دوبارہ ملاقات ہوگی، وزیراعظم سےکہا آپ اور آپ کےلیڈر نوازشریف نےکہا تھا جونام اپوزیشن لیڈر دے گا وہ مان لیں گے۔

خورشید شاہ نےکہاکہ وزیراعظم کونگراں وزیراعظم کے لیے دو تین مناسب نام پیش کیے، ایسے نام دیے ہیں جوسینئر بیوکریٹس رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :