Time 23 مئی ، 2018
پاکستان

بارکھان: پکوڑے فروش سے بدسلوکی کا نوٹس، 3 لیویز اہلکار معطل

لیویز اہلکار پکوڑہ فروش کا اسٹال الٹتے ہوئے—۔ ویڈیو اسکرین گریب

بارکھان: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں لیویز اہلکاروں کی ایک پکوڑے فروش سے بدسلوکی کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر داخلہ  میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈپٹی کمشنر بارکھان سے رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر بارکھان نے واقعے میں ملوث 3 اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

واضح رہے کہ بارکھان کےعلاقے رکھنی میں گزشتہ روز لیویز اہلکاروں کی پکوڑے فروش کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

پکوڑہ فروش کا اسٹال رکھنی میں لیویز تھانے کے ساتھ لگایا گیا تھا—۔ ویڈیو اسکرین گریب

اہلکاروں نے لیویز تھانہ رکھنی کے ساتھ لگایا گیا پکوڑہ فروش کا اسٹال اور دیگر سامان الٹ دیا تھا، جبکہ پکوڑے فروش کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے پکوڑے فروش کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لیا اور ڈپٹی کمشنر بارکھان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر کو پکوڑے فروش کا نقصان پورا کرنے اور معاوضہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

لیویز اہلکاروں کی توڑ پھوڑ کے بعد پکوڑوں کا سامان اور برتن اِدھر اُدھر بکھرا پڑا ہے—۔ ویڈیو اسکرین گریب

بارکھان کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد کاکڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ بارکھان میں لیویز اہلکاروں کی جانب سے پکوڑا فروش سے بدسلوکی کے معاملے کی اطلاع ملتے ہی ملوث 3 لیویز اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں انکوائر ی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو اس واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، انکوائری ر پورٹ کے بعد اس حوالے سے کچھ بتا پائیں گے کہ آیا کون قصور وار ہے اور واقعہ کیوں رونما ہوا ہے تاہم پکوڑا فروش کے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :