26 مئی ، 2018
پاکستان میں شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ گاڑیوں کی چوری روکنے کے لیے اسلام آباد میں اسمارٹ نمبر پلیٹ متعارف کرا دی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کی چوری کی روک تھام کے لیے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔
دہشت گردی اور جرائم میں استعمال کی جانے والی گاڑیوں کی شناخت اور گاڑیوں کی چوری روکنے کے لیے اسلام آباد میں ملک کی پہلی سیکیورٹی خصوصیات کی حامل نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کا کہنا ہے کہ ایک نئی نمبر پلیٹ متعارف کروا رہے ہیں جو سیف سٹی کیمروں سے منسلک ہوں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ گاڑی چوری ہو جائے یا حادثے کی صورت میں گاڑی سیف سٹی کے کیمرے سے فورا پک ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ہے کہ اسلام آباد میں نان کسٹم، ٹمپرڈ اور اسمگل شدہ گاڑیاں بھی موجود ہیں لیکن اسمارٹ نمبر پلیٹ سے اس قسم کی گاڑیاں بھی بچ نہیں سکیں گی۔
اسلام آباد کی نئی نمبر پلیٹ ناصرف ریفلیکٹو ہو گی بلکہ مخصوص سیکیورٹی فیچرز کی حامل تو ہو گی ہی تاہم 5 سال کے عرصے میں پلیٹ میں خرابی پیدا ہونے کی صورت میں شہری کو نئی نمبر پلیٹ مفت فراہم کی جائے گی۔
ڈائیریکٹر ایکسائز اسلام آباد محمد بلال اعظم کا کہنا ہے کہ آن لائن ٹوکن کا اجرا بھی کرایا گیا ہے، اس کے علاوہ چالان ہونے پر واجب الادا ٹوکن بھی موقع پر ادا کرنا ہو گا، اسی طرح گاڑیوں کی جعلی ٹرانسفر روکنے کا بھی فول پروف انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کے آن لائن ٹوکن کے سلسلے میں نادرا سے معاہد ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کی ٹرانسفر کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے سسٹم کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔