رمضان المبارک کی 27 ویں شب پر خصوصی عبادات کا اہتمام

ماہ رمضان کے دوران اسلام آباد میں واقع فیصل مسجد کا ایک روح پرور منظر—۔فوٹو/ رائٹرز

کراچی: رمضان المبارک کی ستائیسویں شب پر ملک بھر کی مساجد اور گھروں میں ذکر و اذکار کی خصوصی محفلوں کا انعقاد کیا گیا۔

افضل ترین رات یعنی 'لیلۃ القدر' کی تلاش میں گزشتہ رات مسلمانوں نے شب بیداری اور عبادات کا خصوصی اہتمام کیا۔

لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ طاق راتوں کی تعداد 5 ہے جن میں سے کوئی بھی رات لیلۃ القدر ہوسکتی ہے اور اس شب کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار راتوں سے بہتر ہوتا ہے۔

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی رمضان کی 27 ویں شب کو ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں ختم قرآن مجید کی سعادت حاصل کی گئی جس کے بعد علمائے کرام نے اپنے خطبات میں شب قدر کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔

مساجد اور گھروں میں خصوصی طور پر محافل شبینہ بھی سجائی گئیں اور ملک کی مختلف مساجد میں صلاۃ التسبیح کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس موقع پر مساجد کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے بھی سجایا گیا۔

سعودی عرب کی مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں بھی روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے اور لاکھوں مسلمانوں نے توبہ، استغفار اور بخشش کی دعائیں مانگیں۔