20 جون ، 2018
ڈیرہ غازی خان: مسلم لیگ ن کے رہنما جمال خان لغاری کو 5 سال بعد اپنے حلقے کا دورہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
ڈیرہ غازی خان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 192 سے ن لیگ کے امیدوار سردار جمال خان لغاری کو قبائلی علاقے رونگھن کا دورہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
نوجوانوں نے سردار جمال خان لغاری کی گاڑی روک لی جس پر جمال لغاری گاڑی سے اتر کر باہر آ گئے۔
نوجوانوں نے لیگی امیدوار سے کہا کہ اگر چیف صاحب برا نہ مانیں تو اپنے گلے شکوے کرنا ہیں۔
جمال لغاری نے کہا کہ میں افسوس کرنے جا رہا ہوں، آپ لوگوں سے علیحدہ بات کروں گا۔
قبائلی نوجوانوں نے کہا کہ لغاری صاحب 5 منٹ مانگ رہے ہیں ہمارے سوال کا جواب دیں۔
نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پانچ سال بعد آ پ کا نورانی چہرہ دیکھ رہے ہیں، جس پر جمال خان لغاری نے کہا کہ ویڈیو بند کریں، آرام سے بات کریں، ویڈیو بند ہو گی تو بات کریں گے۔
سردار جمال لغاری نے کہا کہ ووٹ لینے نہیں افسوس کرنے آیا ہوں، بعد میں بات کروں گا۔
قبائلی نوجوانوں نے سوال کیا کہ 5 سال پہلے مر گئے تھے، بیسویوں لوگ مرے، اب افسوس کرنے آئے ہیں؟
مسلم لیگ ن کے امیدوار نے کہا کہ میرے سوال کا جواب دیں کہ 42 کلو میٹر روڈ کس نے دی، جس پر ایک نوجوان نے جواب دیا کہ جمہوریت نے دی ہے۔
سردار جمال لغاری نے کہا کہ چپ کر جمہوریت جمہوریت، ہمیں سب پتہ ہے کیا جمہوریت ہوتی ہے، میں نے دی ہے، آپ تاریخ درست کریں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ایک ووٹ کی پرچی قبیلے کے سربراہ کو دے رہے ہو، اس پر اتنا ناز اتنی تگڑ۔
جمال لغاری نے کہا آپ میرے سوال کا جواب 25 جولائی کو دینا، جس پر نوجوانوں نے کہا کہ 25 جولائی کو انشاء اللہ آپ کو جواب ملے گا۔