زبان زد عام ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک شریف خاندان کا ہے، اعتزازاحسن

یہ سب شہباز شریف کا پتا کاٹنے کیلئے ہو رہا ہے، اعتزاز احسن—فائل فوٹو۔

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے شریف خاندان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ زبان زد عام ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک شریف خاندان کی ملکیت ہے۔

لاہور میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہارلے اسٹریٹ کوئی اسپتال نہیں کلینک ہے لیکن وہاں دل کے بائی پاس ہوتے ہیں۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو یقین ہے کہ انہیں سزا ہوگی اس لیے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں اور یہ سب شہباز شریف کا پتا کاٹنے کیلئے ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے اپنا علاج سکھر جیل کی کال کوٹھڑی میں کروایا، یہ نہیں کہ مقدمہ چل رہا ہے اور ہارلی اسٹریٹ جا رہے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہارلی اسٹریٹ کلینک کے باہر سے کوئی خبرہی نہیں آتی، ہارلی اسٹریٹ کے باہر ان کے مفرور بیٹے آکر بات کرتے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت میں مریم نواز کو وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی شہباز شریف سے ہاتھ کرگئے، اعلان شہباز کا کیا وزیراعظم شاہد خاقان کو بنایا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کے ہاتھی کی طرح دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت اورہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جیالے 25 جولائی کو پولنگ اسٹیشنز پر رہیں تو فتح کے ڈھول بجاتے واپس آئیں گے۔

مزید خبریں :