22 جون ، 2018
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے مدمقابل کو حلقے کا پتہ نہیں، بنی گالہ سے یہاں آکر کھڑا ہوگیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے چونگی امرسدھو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخس پہلے جس حلقے سے کھڑا تھا وہاں سے الیکشن نہیں لڑ رہا، عمران خان دھرنے دے کر راستے بند کرتے ہیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ ہم 2013ءمیں ووٹ لینے آئے تھے تو وعدہ کیا تھا کہ دہشتگردی ختم کریں گے، ہم نے کہا تھا لوڈشیڈنگ ختم کریں گے، کراچی کا امن واپس لائیں گے، فاٹا کوقومی دھارے میں لائیں گے، ریلوے جیسے ادارے ٹھیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال ہمیں تنگ کیا گیا، ٹانگیں کھینچی گئیں، الزام لگائے گئے، ہمارے ساتھ بد زبانی کی گئی، کبھی چور، کبھی غدار کبھی کرپٹ کہا گیا، کچھ نہ بنا تو ہمارے لیڈر کو نااہل کیا گیا۔
سعد رفیق نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ ن آتی ہے تعمیر و ترقی ساتھ لاتی ہے، ہم کام بھی کریں اور بدنام بھی کیا جائے، یہ تماشہ نہیں چلے گا۔
انہوں نے شرکاء سے کہا کہ انوکھے لاڈلے کو سیاسی طور پر فارغ کرو، اتنے ووٹ دو کہ پتہ چل جائے لوگوں کا فیصلہ شیر ہی شیر ہے، نوجوانو! آپ کےمستقبل کا معاملہ ہے، یہ عام الیکشن نہیں ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے، یہ فیصلہ ہوگا کہ ملک ووٹ لینے والے چلائیں گے یا بند کمروں میں فیصلے کرنے والے، اگر مسلم لیگ ن جیتی تو ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی لائیں گے۔
سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ آج ہماری جدوجہد کے نتیجےمیں کراچی کا امن واپس آچکا، فاٹا قومی دھارے میں شامل ہو چکا، بلوچستان کا امن لوٹ رہا ہے، ہم عظیم ہمسائے چین کو پاکستان لائے تاکہ وہ یہاں بجلی کے کارخانے لگائے۔
سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ ہم میٹرو بناتے ہیں تو جنگلہ بس کہاجاتا ہے، نقل مارنے کے لیےعقل چاہیے ہوتی ہے، کھڈے کھود کر گھر چلے گئے ہو پشاور والے تمہاری جان کو رو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگراورنج لائن ٹائم پر بنتی تو اس میں لاہورکے شہری سفر کرتے،عمران خان تمہارا کیا جاتا۔
سعد رفیق نے کہا کہ اب 25 جولائی زیادہ دور نہیں ہے، وعدہ کرتے ہیں حکومت ملی تو کسی سےبدلہ نہیں لیں گے، کوئی انتقام نہیں لیں گے، کسی سے جھگڑا نہیں کریں گے، محاذ آرائی نہیں کریں گے، تمام مخالفین کو میز پر بٹھائیں گے، ماحول میں جو تلخی آئی ہے اس تلخی کو ختم کریں گے۔
سعد رفیق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آجاؤ تمہارا انتظار کر رہے ہیں، عمران خان آؤ اکھاڑے میں اترو، آؤ اکھاڑے کی مٹی کو پاؤں لگاؤ، بڑا مزیدار الیکشن ہو گا، یہ گالیاں دے گا ہم دلیل دیں گے، ہمیں 25 جولائی تک غصہ نہیں آنا، ایک طرف منہ بگاڑ کر انگریزی بولنے والے دوسری طرف اردو، پنجابی بولنے والے ہوں گے۔
سعد رفیق نے جلسے سے شرکاء سے پوچھا کہ کیا شہبازشریف جتنا کام کوئی کر سکتا ہے؟، شہباز شریف کام کرنے میں جن ہے، پاکستان کو اسی وزیراعظم کی ضرورت ہے جو دن رات کام کرے، ابھی کچھ پیشیاں ہماری ہوں گی، ہمیں آنیاں جانیاں دکھائی جائیں گی، ہمیں بدنام کرنے کی کوششیں اور ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’اگلی مدت میں پاکستان میں ڈیم بنائیں گے، اگلی مدت میں پی آئی اے کو بھی ٹھیک کریں گے، جلنے والے جلتے اور رونے والے روتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں ن لیگ کے سعد رفیق اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔