حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم، کراچی کو پانی کے بحران کا سامنا


کراچی کو پانی کی فراہمی کا اہم ذریعہ حب ڈیم سوکھتا چلا جا رہا ہے، جس کے باعث شہرِ قائد کو پانی کے بحران کا سامنا ہے اور شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

واٹر بورڈ کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی سطح 9 انچ رہ گئی ہے اور ڈیڈ لائن تک پہنچنے کی وجہ سے کراچی کے ضلع غربی اور وسطی کو صرف 10 روز تک پانی فراہم کیا جاسکے گا۔

فی الوقت 100 ایم ڈی جی پانی فراہم کرنے والےحب ڈیم سے 10 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

واٹر بورڈ حکام کے مطابق پانی ڈیڈ لیول پر پہنچنے کے بعد پمپس لگا کر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی، لیکن پمپس کے ذریعے بھی صرف 20 روز تک پانی فراہم کیا جاسکے گا۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ بارشیں نہ ہوئیں تو جولائی کے آخری ہفتے میں پانی کی فراہمی مکمل بند ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے دو بڑے ذرائع حب ڈیم اور کینجھر جھیل ہیں، جہاں سے پانی دھابیجی، گھارو اور حب پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے شہر کو سپلائی کیا جاتا ہے۔

پانی کے حصول کیلئے شہری پریشان، احتجاج کا سلسلہ جاری

دوسری جانب واٹر بورڈ انتظامیہ کی نااہلی نے پانی کی تقسیم کو ایک سنگین مسئلہ بنادیا ہے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی کا متبادل انتظام بھی نہیں کیا جاسکا۔

پانی کے حصول کے لیے شہریوں کو لمبی قطار میں کھڑے ہو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات گھنٹوں کھڑے رہنے کے بعد بھی پانی نہیں ملتا۔

اس صورتحال میں شہری ٹینکر مافیا کی من مانی قیمتوں پر مہنگے داموں گدلا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

پانی کے بحران کے شدت اختیار کرنے کے باعث شہریوں کی جانب سے احتجاج اور مظاہرے بھی زور پکڑتے جارہے ہیں۔

جن علاقوں میں پانی کے بحران کا سامنا ہے، ان میں اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، قصبہ کالونی، نارتھ کراچی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور کورنگی شامل ہیں۔


مزید خبریں :