Time 26 جون ، 2018
پاکستان

قرآن پاک میں جنات کا ذکرآتا ہے، خلائی مخلوق کا مجھے نہیں پتا: شہبازشریف


کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف کا کہنا ہےکہ قرآن پاک میں جنات کا ذکرآتا ہے اور خلائی مخلوق کا مجھے نہیں پتا۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ رینجرز نے جانفشانی اور قربانی سےکراچی کا امن بحال کیا، آج کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری نہ ہونےکے برابر ہے، شہر کا امن لوٹ آیا ہے جو بہت بڑی کامیابی ہے، اب یہاں روزگار، پانی، ٹرانسپورٹ دینے اور کچرا صاف کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کراچی سے کیا ہے، موقع ملا تو سندھ کو پنجاب سے اور کراچی کو لاہور سے بہتر بنا کر دکھائیں گے، ہماری اور مخالفین کی کارکردگی کا موازنہ کریں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہمارے پاس حکومت نہیں تھی، ہمیں پنجاب میں لوگوں نے مینڈیٹ دیا، تھر میں کوئلے سے بجلی کے کارخانے لگانا مسلم لیگ (ن) کا کام تھا؟

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو وعدے کیے وہ کارکردگی کی بنیاد پر کیے، پان کھانے والے کرانچی کو میں لاہور بناؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف کا کہنا تھاکہ قرآن پاک میں جنات کا ذکرآتا ہے، خلائی مخلوق کا مجھے نہیں پتا۔

صحافی کے سوال پر کہ پنجاب میں کون کامیاب ہوگا، عمران خان یا آپ کی جماعت؟ شہبازشریف نے جواب دیا میں کوئی پیر نہیں ہوں۔

بزنس پروفیشنلز سے گفتگو

اس سے قبل کراچی کے مقامی ہوٹل میں بزنس پروفیشنلز اور ینگ پروفیشنلز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھاکہ گزشتہ 5 سالوں میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے، بھاشا ڈیم ہماری پہلی ترجیح ہوگی، یہ ڈیم پاکستان کے لیے ناگزیر ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں، بھاشا ڈیم کے لیے ہم نےتمام اقدامات کرلیے ہیں اور فزیبلٹی تیارہے، اب جو بھی حکومت آئے گی اسے بھاشا ڈیم بنانا ہوگا۔

انہوں نےکہا کہ ملک بھر میں چھوٹے ڈیم بھی بنیں گے، کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا فضول ہے، جب تک کالاباغ ڈیم پر سب متفق نہیں ہوں گے وہ نہیں بنے گا۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ کراچی میں گرین لائن کے علاوہ تین نئی سروس چلائیں گے، شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ تباہ ہوچکی یہ مسئلہ بھی حل کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ملک میں کاروبار کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے، گرین پاسپورٹ کی عزت کے لیے کشکول توڑنا ہوگا اور معیشت کو ترقی دینا ہوگی۔

شہباز شریف نے کراچی میں گرین لائن بس نہ چلنے کی وجہ بتا دی

دوسری جانب شہباز شریف نے کراچی میں گرین لائن بس نہ چلنے کی وجہ بتا دی۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں شہباز شریف نے بتایا کہ یہاں سے کچھ لوگ اس ملک ’مٹھائی‘ لینے پہنچ گئے تھے جہاں سے بسیں آنی تھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر اس طرح ’مٹھائی‘ مانگی جائے گی تو پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے قیامت تک مکمل نہیں ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ مسلم لیگ نون کو ووٹ دیں، بغیر ’مٹھائی‘ کے بسیں لے آئیں گے۔

شہباز شریف کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو کسی وائسرائے کی ضرورت نہیں، شہباز شریف کو عام انتخابات کے قریب آتے ہی سندھ کی یاد ستانے لگی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے سندھ کو ایک ہی ادھورا اور نامکمل گرین لائن منصوبہ دیا، جس کی تاخیر کا کریڈٹ بھی ن لیگ کو جاتا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تین سال میں پانی کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے شہباز شریف ہی کی حکومت نے سی سی آئی اجلاس میں کراچی کوپانی دینے سے انکار کیا۔

مزید خبریں :