کھیل
Time 27 جون ، 2018

ارجنٹائن کی جیت پر نفرت انگیز اشارے، میراڈونا نے معافی مانگ لی

سابق فٹبالر نے ارجنٹائن کا دوسرا گول ہوتے ہی نائیجیریا کو برا بھلا کہنا شروع کردیا— فوٹو: بی بی سی 

ارجنٹائن کے سابق فٹبالر میراڈونا نے اپنی قومی ٹیم کی جیت پر افریقی ٹیم نائیجریا کے مداحوں کو نفرت انگیز اشارے کرنے پر معافی مانگ لی۔ 

فٹبال ورلڈ کپ اپنی رنگینیوں کے ساتھ روس میں جاری ہے جہاں دنیا بھر کی چھوٹی بڑی ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہیں۔

کئی ممالک کی ٹیموں نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جس میں ارجنٹائن بھی شامل ہے۔

گزشتہ روز ارجنٹائن نے نائیجریا کو 1-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی لیکن میسی الیون کی جیت کے بعد سابق فٹبالر میراڈونا ہوش کھو بیٹھے۔

ارجنٹائن کی جیت پر میرا ڈونا اچھلے اور ناچ کود کیا اور اس دوران انہوں نے افریقی ٹیم کے مداحوں کی جانب نفرت انگیز اشارے بھی کیے، سابق فٹبالر نے یہیں بس نہیں کی اور ارجنٹائن کا دوسرا گول ہوتے ہی نائیجیریا کو برا بھلا کہنا شروع کردیا۔ 

برطانوی اخبار کے مطابق اس ساری صورتحال کے بعد میراڈونا کافی دیر تک نشست پر مدہوش پڑے رہے جنہیں ڈاکٹرنے چیک کیا اور پھر سہارا دے کر اٹھاکر لے گئے۔

ارجنٹائن کے سابق فٹبالر میرا ڈونا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر واقعے کی وضاحت دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں فِٹ ہوں  اور ہاف ٹائم کے دوران میں گردن میں درد اور تھکاوٹ محسوس کررہا تھا جس پر ڈاکٹر نے مجھے دوسرے ہاف سے پہلے گھر جانے کو کہا لیکن ہماری ٹیم کا سب کچھ داؤ پر لگا ہوا تھا، میں کیسے اسٹیڈیم سے جاسکتا تھا؟


انہوں نے مداحوں سے واقعے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ مجھے معاف کریں میں نشے میں تھا۔

مزید خبریں :