27 جون ، 2018
اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے دوران سب سے بڑا چیلنج دہشتگردی ہے، کوشش ہے کہ سیاسی رہنما اور ریلیاں محفوظ رہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کیا، وزارت داخلہ سے مشاورت نہیں کی گئی۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے وزارت داخلہ سے مشاورت کرنی چاہیے۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ تبادلے الیکشن کمیشن خود کررہا ہے، نگران حکومت کو نہیں علم نہیں، سیکرٹری داخلہ کی تبدیلی کا مجھے آج اخبار سے پتہ چلا۔
انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے ایک سوالنامہ بھیجا جس کا جواب بھجوا دیا ہے، اس متعلق دباؤ امریکا اور بھارت سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے اس بار بلیک لسٹ سے بچ جائیں گے۔