28 جون ، 2018
بالی وڈ کے دبنگ خان سلمان نے اپنے دیرینہ دوست سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم پر ڈھکی چھپی تنقید کی تھی جس کا جواب اب فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے دیا ہے۔
سلمان خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سنجے دت کے علاوہ کوئی دوسرا سنجے دت کے کردار سے انصاف نہیں کر سکتا۔
سلمان خان نے کہا تھا کہ فلم سنجو کے آخری حصے کا کردار سنجے دت کو ہی نبھانا چاہیے تھا، راج کمار ہیرانی نے فلم کو اچھا ہی بنایا ہوگا لیکن سنجے کو فلم میں اپنی پچھلی 10 سالہ زندگی کو خود ہی نبھانا چاہیے تھا۔
دبنگ خان کے اس بیان نے فلم "سنجو" کے ہدایت کار راج کمارہیرانی کو حیران کردیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے سنجے دت کو کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن اداکار کی تبدیلی سے فلم کا تسلسل خراب ہونے کا امکان تھا، اس لیے وہ اس پر عمل نہ کر پائے۔
راج کمار ہیرانی نے کہا کہ ان کے دماغ میں بھی ایک بار یہ خیال آیا تھا کہ سنجے دت کی زندگی کے پچھلے 10 سال کے مناظر سنجے دت پر ہی فلمائے جائیں تاہم فلم بینوں کے نظریے سے یہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا تھا، شائقین پوری فلم میں رنبیر کپور کو بطور سنجے دت دیکھتے ہوئے اچانک سنجے دت کو دیکھتے تو فلم سے ان کا کنیکشن ٹوٹ جاتا اور مزہ کرکرہ ہوجاتا۔
رنبیر کپور نے بھی سلمان خان کی اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جس شخص کی زندگی میں فلم بنی ہو وہ خود اس میں اداکاری کرے، اس سے کردار کا اثر تباہ ہوجاتا ہے۔
خیال رہے کہ فلم ’سنجو‘ 29 جون کو ریلیز ہورہی ہے، سنجے دت کی کہانی وہ بھی رنبیرکپور کی زبانی سننے کے لیے شائقین کو بس ایک دن کا اور انتظار ہے۔
ریلیز سے قبل ممبئی میں فلم کی خصوصی اسکریننگ کی گئی جس میں سنجے دت، رنبیر کپور، نیتو کپور، منیشا کوئرالہ، راج کمار ہیرانی سمیت کئی ستارے جگمگائے۔
فلم دیکھنے کے بعد لوگ جزباتی ہوگئے اور فلم کو بہترین اور شاندار قرار دے دیا۔