Geo News
Geo News

Time 30 جون ، 2018
پاکستان

الیکشن کی جتنی تیاری اس بار ہے ماضی میں کبھی نہیں تھی، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بیگم نے مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مقابلے کا پہلا اصول یہ ہے کہ مخالف امیدوار کو کبھی کمزور نہ سمجھا جائے لیکن آج ہماری جتنی تیاری ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 4000 لوگوں نے پارٹی ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا لیکن ابھی تک صرف 650 لوگوں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کے معاملے پر بیگم نے تین ہفتوں میں مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا، کئی اچھے امیدوار تھے مگر کسی ایک کو ٹکٹ دینا تھا۔

ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سے گزرا، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹ دینے میں بڑے عذاب سے گزرا، کبھی ایسے عذاب سے نہیں گزرا، خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کے ٹکٹ جتنا بڑا عذاب تھا میں دوبارہ اس میں نہيں پڑناچاہتا، آئندہ پارٹی الیکشن لڑ کر آنے والی خواتین کو مخصوص نشستوں کا ٹکٹ دیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو نظریاتی کارکنوں کو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، ہمیں ان خواتین کو بھی ٹکٹ دینا تھا جو قانون جانتی ہوں اور اسمبلی میں پارٹی کی نمائندگی کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد پارٹی میں بھی الیکشن کرائیں گے۔

عمران خان نے ن لیگ کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں یہ لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے لیکن اس کے باوجود یہ ملک بھر میں رو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قید آدھے لوگوں کا تو جرم صرف یہ ہے کہ وہ غریب ہیں، شریفوں کے پاس دولت اور طاقت بھی ہے، کوئی کمزور آدمی ہوتا ہو اڈیالہ میں پڑا ہوتا۔

نواز اور زرداری نے ملک کو مقروض کر کے رکھ دیا ہے، چیئرمین تحریک انصاف

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موٹر وے بنا لیکن دگنی قیمت پر، آدھا پیسہ یہ لوگ کھا گئے، لندن جائیداد کے علاوہ بھی شریف خاندان کی مزید جائیدادیں سامنے آگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف اور زرداری کے کاروبار باہر ہیں، ان لوگوں کا علاج بھی باہر ہوتا ہے، جب زرداری اور نواز شریف آئے تو ڈالر 60 روپے کا تھا، اس وقت ڈالر 125 روپے کا ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے 10 سالہ دور میں قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھ گیا، ان دونوں نے ملک کو مقروض کر کے رکھ دیا گیا، مجھے بتائیں یہ 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ کیسے اترے گا؟

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان کے لیے نہیں ان کو ووٹ مت دینا، جب یہ لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے یہ سوال ضرور پوچھیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر جب بڑھتا ہے تو روپے کی قیمت کم ہو جاتی ہے، اگر یہی پیسہ باہر بینکوں میں ہوتا ہے تو یہ پیسہ بڑھتا جاتا ہے، ان لوگوں کا پیسہ تو باہر پڑا ہے جو بڑھ رہا ہے انہیں کیا تکلیف ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب تبدیلی کا وقت ہے، حکومت میں آ کر دو کام کروں گا جو نہ ن لیگ کر سکتی ہے نہ ہی پیپلز پارٹی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں اداروں کو ٹھیک کروں گا، اپنی قوم کو اعتماد دوں گا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو گا، اس ملک سے 8 ہزار ارب روپے اکھٹا کر کے دکھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو مضبوط کریں گی اور ایف بی آر کو ٹھیک کریں گے، جب وزیراعظم اور وزیر کرپشن ختم کریں گے تو کرپشن ختم ہو جائے گی۔