02 جولائی ، 2018
علی ظفر، مایا علی اور جاوید شیخ کی فلم 'طیفا اِن ٹربل' کا جب سے ٹیزر ریلیز ہوا تھا، اُس وقت سے سب کو اِس فلم کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار ہے۔ فلم تو 20 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی لیکن ابھی سے فلم کا ٹیزر، ٹریلر اور گانے مل کر دھوم مچارہے ہیں۔
ٹیزر اور ٹریلر تو مقبول ہوئے ہی لیکن آئٹم نمبر 'میں آئٹم سانگ نہیں کروں گی' نے سارے ریکارڈز توڑ ڈالے۔ یہ آئٹم نمبر سب سے تیز 10 لاکھ، پھر 20 لاکھ، پھر 30 لاکھ، پھر 40 لاکھ اور اب تک تیز ترین 50 لاکھ یو ٹیوب ہٹس لینے والا ریکارڈ ساز پاکستانی فلمی گانا بن چکا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ اب تک کا پہلا پاکستانی گانا ہے جسے فلم کی ریلیز سے پہلے ہی 50 لاکھ بار صرف یو ٹیوب پر دیکھا جاچکا ہے۔
یہی نہیں طیفا کے آئٹم نمبر کی یو ٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈنگ بھی ہوئی۔ اس وقت تک طیفا کا ٹیزر، ٹریلر اور آئٹم نمبر اور چن وے صرف یو ٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھے جاچکے ہیں۔ اس طرح 'طیفا اِن ٹربل' پاکستان کی پہلی فلم بن گئی ہے، جس کے گانوں، ٹیزر اور ٹریلر کو فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
آئٹم نمبر کی دھوم اور کریز تو ہر طرف چھایا ہوا ہی ہے لیکن فلم کے دوسرے گانے 'چن وے' نے بھی سب کا دل جیت لیا ہے۔ اس گانے میں علی ظفر اور مایا علی کے رومانٹک انداز اور فیصل قریشی کے منچلے پن کا جادو سر چڑھ کر بولا۔جسے ریلیز کے صرف تین دن کے دوران اب تک صرف یوٹیوب پر 35 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ یہی وہ گانا ہے جو شاید اپنے ہی آئٹم نمبر کی مقبولیت کا ریکارڈ توڑ دے۔ اب ریکارڈ 'چن وے' جیتے یا آئٹم نمبر دونوں ہی گانے علی ظفر کی 'طیفا اِن ٹربل' کے ہیں۔
فلم 'طیفا اِن ٹربل' 20 جولائی کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے 25 ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی ڈائریکشن احسن رحیم نے دی ہے، جس میں علی ظفر اور مایا علی کے علاوہ جاوید شیخ، فیصل قریشی، محمود اسلم اور نیئر اعجاز سمیت دیگر بڑے ستارے بھی موجود ہیں۔
طیفا کے ٹریلر میں گَن اور گنڈاسے کی کہانی، پیزے اور پراٹھے کی داستان، لاہور کی گلیاں اور پولینڈ کی سڑکیں، نورجہاں اور نورا جونز کے دیوانے، چائے،کافی اور سگار کے چسکے، رومانس، ایکشن، بائیک اور گاڑیاں سب ہی کچھ شامل ہے۔
فلم کا ٹائٹل رول 'طیفا' علی ظفر نے ادا کیا ہے۔ طیفا کے دوست 'ٹونی ڈاٹ شاہ' کا کردار معروف کامیڈین فیصل قریشی نے نبھایا ہے۔ فلم کا ولن 'بشیرا' لاہور سے پولینڈ جا کر 'بونزو' بن گیا ہے، بونزو کا اسٹائلش کردار جاوید شیخ کی قسمت میں آیا ہے، بونزو کی کمزوری اس کی 'بیٹی' اور طیفا کی 'محبت' کا کردار مایا علی ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں 'ماں صدقے' اسماء عباس بھی ہیں اور 'بٹ صاحب' یعنی محمود اسلم بھی۔ فلم کے ہدایتکار احسن رحیم ہیں جن کی ویڈیوز، خاکے اور اشتہار اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں۔
فلم کے ایکشن، اسٹنٹ، ویژول ایفکٹس اور ساؤنڈ ایفکٹس بین الاقوامی معیار کے ہیں، جن کا موازنہ کسی بھی بڑی بالی وڈ فلم سے آسانی سے کیا جاسکتا ہے چونکہ 'طیفا اِن ٹربل' عام انتخابات 2018 کے قریب ریلیز ہوگی تو فلم میں الیکشن کا بھی بڑا تڑکہ موجود ہے۔ فلم کے ٹیزر اور ٹریلر کے علاوہ ہر کریکٹر کا ڈیزائنر پرومو بھی فیس بک اور یو ٹیوب پر دیکھا جاسکتا ہے۔
فلم 'طیفا اِن ٹربل ' لائٹ اینگل، مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ، ٹیڈ پول فلمز اور جیو فلمز کی مشترکہ پیشکش ہے۔