Time 02 جولائی ، 2018
پاکستان

ٹکٹ پر بیان حلفی کا معاملہ: عمران خان 4 جولائی کو الیکشن کمیشن میں طلب


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ٹکٹ پر بیان حلفی سےمتعلق درخواست پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 4 جولائی کو طلب کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے تحریک انصاف میں ٹکٹ کی درخواست دینے والوں سے بیان حلفی لینے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

درخواست پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے امیدوار ملک منیر نے دائر کی جن کے وکیل نے بینچ کے روبرو مؤقف اپنایا کہ تحریک انصاف نے امیدواروں سے غیر قانونی بیان حلفی لیا اور ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے اور آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے سے روکا گیا۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ سیاسی جماعت کا ٹکٹ اس کی شرائط پر ہی ملتا ہے، کیا ایسے بیان حلفی دیگر جماعتوں نے بھی لیے ہیں؟

اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تمام جماعتیں اس طرح سے حلف لے رہی ہیں جو غیر قانونی ہے اور کسی پارٹی کے منشور کا حصہ نہیں، سیاسی جماعت کسی کو آزاد الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتی۔

الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کےبعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 4 جولائی کے لیےنوٹس جاری کردیا۔

مزید خبریں :