07 جولائی ، 2018
کراچی: پاکستان کے عظیم کرکٹر جاوید میاں داد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارت کے خلاف شارجہ کا تاریخی چھکا پان کھا کر لگایا تھا۔
کراچی کی سیاست میں پان کی گردان شہباز شریف سے جاوید میاں داد تک آن پہنچی ہے اور اب لیجنڈ کرکٹر نے کراچی کی اس روایت کو سیاست میں داخل کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے این اے 244 سے تحریک انصاف کے امیدوار علی زیدی سے ملاقات کی اور پہلے خود پان کھایا، پھر علی زیدی کو کھلایا۔
اس دوران جاوید میاں داد نے انکشاف کیا کہ شارجہ میں بھارت کے خلاف تاریخی چھکا بھی پان کھا کر لگایا تھا۔
جاوید میانداد نے ایک پان عمران خان کیلئے بھی بھجوایا اور الیکشن میں علی زیدی کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف کے دورہ کراچی میں ایک رپورٹر نے کراچی کو 'کرانچی' کہہ کر ان سے کوئی سوال کیا تھا جس پر صدر مسلم لیگ (ن) نے جواب دیا تھا کہ 'ہمارے جو بھائی بہن پان کھانے والے ہیں، ان کے کرانچی کو میں لاہور بناؤں گا اور جو کراچی میں رہتے ہیں، ان کو میں کراچی انشاء اللہ لاہور سے بہتر بنا کر دوں گا'۔
شہباز شریف کے بیان کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل سمیت کئی کراچی کے شہریوں نے ناگواری کا اظہار کیا تھا۔