پاکستان
Time 08 جولائی ، 2018

ملک کے سب سے بڑے ڈیم تربیلا میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم


اسلام آباد: ملک میں پانی کی کمی مزید شدت اختیار کرگئی اور سب سے بڑے ڈیم تربیلا میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہونے کے بعد پانی کی سطح ڈیڈ لیول ایک ہزار 386 فٹ پر آگئی ہے۔ 

فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح ڈیڈ لیول کی جانب بڑھ رہی ہے اور آج ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 122 فٹ ہے۔

کم بارشوں اور گلیشیرز کے نہ پگھلنے سے ملک میں آبی ذخائر جولائی میں بھی بہتر نہ ہوسکے جب کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق آئندہ چند روز میں بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔

فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آج تربیلا میں پانی کی آمد ایک لاکھ ایک ہزار، اخراج 95 ہزار 500 کیوسک ہے جبکہ منگلا میں پانی کی آمد 39 ہزار اور اخراج 69 ہزار 127 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ڈیموں میں پانی کی کمی کے باعث صوبوں کو ملنے والے پانی کی مقدار میں بھی کمی آئے گی، صرف سندھ کے گدو، سکھر اور کوٹری بیراج میں پانی کی قلت چالیس سے پچاس فیصد تک پہنچ جائے گی جس کے بعد چاول سمیت مختلف فصلوں کے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔