Time 09 جولائی ، 2018
پاکستان

شہباز فکر نہ کریں، آپ کے پیچھے بھی آرہا ہوں: عمران خان


شہداد کوٹ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو سندھ میں لوٹ مار ہورہی ہے وہ کسی صوبے میں نہیں ہورہی، آج بلوچستان سے زیادہ خراب اندرون سندھ کے حالات ہیں۔

شہداد کوٹ میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ 22 سالوں سے آرہا ہوں، یہاں پانی نہیں اور بجلی بھی کبھی کبھی آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہزاروں لوگ ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں، افسوس ہوا یہاں کوئی بڑا اسپتال نہیں، چار ارب روپے میں بہترین اسپتال بن سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 25 جولائی کو آپ کو اپنی تقدیر تبدیل کرنے کا موقع مل رہا ہے جو بار بار نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور دھمکیاں دے رہی ہے، یہ سندھ کے لوگوں کو انسان نہیں سمجھتے، یہ عوام کے خوف پر حکومت کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری سے پوچھتاہوں ، آپ کو نیند کیسے آتی ہے؟ دو جماعتوں نے 2008 میں فیصلہ کیا باری باری حکومتیں کریں گے، دونوں نے مک مکا کیا ہوا ہے، اسمبلی میں بیٹھ کر نورا کشتی کھیلتے رہیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو سزا ہوئی تو صدر ن لیگ شہباز شریف اور اس کے بیٹے نے خوشیاں منائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف فکر نہ کریں، میں آپ کے پیچھے بھی آرہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام سے ظلم ہورہا ہے، آپ کو ان ظالموں کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے، 25جولائی کو اپنی تقدیر بدلنے کے لیے ان کے خلاف ووٹ ڈالیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سندھ کے عوام پر پیسا خرچ کریں گے اور نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔

مزید خبریں :