پاکستان
Time 12 جولائی ، 2018

کتاب میں جو لکھا اُسے عدالت میں ثابت کرسکتی ہوں، ریحام خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور اپنی کتاب میں لکھے گئے واقعات کی سچائی کے متعلق مطمئن ہیں اور اللہ کو جواب دہ ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ انہوں نے وہی باتیں کتاب میں لکھی ہیں جن کے شواہد ان کے پاس موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عدالت میں جاکر کہہ سکتی ہوں کہ سچ لکھا ہے اور میں یہ بات ذمہ داری سے کہہ رہی ہوں۔

ریحام خان نے کہا کہ جو باتیں میں نے لکھی ہیں ان کی پارٹی کے لوگ اور جو ٹی وی میں بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں جانتے ہیں کہ یہ باتیں درست ہیں۔

اس سے قبل ریحام خان کی کتاب معروف ویب سائٹ ایمیزون پر ریلیز کر دی گئی۔

563 صفحات پر مشتمل کتاب کا نام ’ریحام خان‘ ہے اور اس میں مصنفہ نے اپنی زندگی کے اہم واقعات کی تفصیلات درج کی ہیں۔

اس کتاب کی ریلیز قبل ہی اس کا مبینہ مواد لیک ہو گیا تھا۔ لیک ہونے والے مواد میں ان کے سابق شوہر عمران خان اور دیگر شخصیات کے حوالے سے درج معلومات کی وجہ سے پاکستانی سیاست اور انٹرنیٹ پر ایک طوفان برپا ہوا۔

ایمیزون ویب سائٹ پر کتاب کے حوالے لکھا گیا ہے کہ اس میں سماج اور سیاست سے جڑے حساس معاملات کو بیان کیا گیا ہے اور اس کی مصنف کو کتاب کی وجہ سے دھمکیوں، ہراسگی اور زندگی کو خطرے جیسے حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حمزہ علی عباسی اور گلوکار سلمان احمد کی جانب سے ریحام خان پر مذکورہ کتاب کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ایک لاکھ پاؤنڈ لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :