Time 16 جولائی ، 2018
پاکستان

افغان صدر کی پاک افغان سرحد پرسیکیورٹی بہتر بنانے کی یقین دہانی


راولپنڈی: افغان صدر اشرف غنی نے نگران وزیراعظم ناصر الملک اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کرکے سانحہ مستونگ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعظم ناصر الملک نے اشرف غنی سے کہا کہ مستونگ میں دہشتگردی جمہوری عمل کو سبو تاژ کرنے کی کوشش تھی، بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کا عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت وقت پر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا عزم کیے ہوئے ہے۔

افغان صدر نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کی جبکہ انتخابی ریلیوں پر حملوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

دونوں رہ نماوں نے خطے میں مشترکہ دشمنوں کو شکست دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر نے آرمی چیف سے گفتگو میں پاکستان میں الیکشن کے دوران افغان سرحد پر اضافی سیکیورٹی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز سے تعاون کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ جمعے کو مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے جلسے میں ہونے والے خود کش حملے میں سراج رئیسانی سمیت 149 افراد شہید ہوئے تھے۔

مزید خبریں :