پاکستان
Time 16 جولائی ، 2018

کراچی میں سیاسی جماعت کی ریلی میں گدھے پر بدترین تشدد

—بشکریہ اے سی ایف۔

کراچی: ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو سیاسی حریف بناکر بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

جانوروں کے لیے سرگرم تنظیم اے سی ایف اینیمل ریسکیو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر بتایا کہ گدھے کو کئی مرتبہ منہ اور پیٹ پر مکے مارے گئے، اس کی ناک توڑ دی گئی، پورے جسم پر لاتیں ماری گئیں جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔

انسانوں یا کہیے حیوانوں کی سفاکی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ بے ہوش ہونے کے بعد اس گدھے کو ایک کھمبے سے باندھ دیا گیا، یہاں تک کے اس پر گاڑی بھی چڑھ گئی۔

یہ سب صرف اس لیے کیا گیا کیوں کہ یہ بے چارہ گدھا اس ریلی کے وقت وہاں موجود تھا اور اس پر ایک سیاسی حریف کا نام لکھا ہوا تھا ۔

—بشکریہ اے سی یف۔

اے سی ایف کے مطابق اب بھی گدھے کے زخموں سے خون بہہ رہا ہے۔ اس گدھے کی جان عبداللہ محمود نامی شہری نے بچائی جنہوں نے ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر بلایا۔

عبداللہ محمود نے اپنے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ جب وہ جائے وقوعہ پر تو انہوں نے گدھے کو سڑک پر پایا۔ اسی دوران ایک گاڑی اسے مارتی ہوئی چلی گئی جبکہ لوگوں سے جب انہوں نے مدد طلب کی تو سب نظرانداز کرکے آگے بڑھ گئے۔

بشکریہ اے سی ایف۔

اے سی ایف نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کیا اب ہمارا ملک ایسا ہوگیا ہے؟ یا پھر ہم ہمیشہ ایسے ہی تھے؟ صرف سوشل میڈیا اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی وجہ سے ایسے کیسز منظر عام پر آجاتے ہیں اور ہم جان جاتے ہیں کہ ہم کسی حیوان سے کم نہیں۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ جب ہماری عوام ہی ایک معصوم جانور کو تفریح اور غیر منطقی مقاصد کی خاطر نقصان پہنچائے تو پھر کہنے کو کچھ نہیں بچتا۔

مزید خبریں :