محمد حفیظ کا کیریئر شدید بحران سے دوچار

حفیظ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام، وہ سلیکشن کے معاملات میں کسی کی مداخلت برادشت نہیں کررہے— فوٹو: فائل

آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی کوچنگ کرتے ہوئے مکی آرتھر اور سینیئر کھلاڑیوں کے اختلافات کی کہانیاں آج بھی زبان زد عام ہیں۔ایسا لگ رہا ہے کہ محمد حفیظ اب مکی آرتھر کے نشانے پر ہیں۔

محمد حفیظ کو پاکستان ٹیم میں لانے سے قبل مکی آرتھر اور انضمام الحق کے درمیان سنجیدہ نوعیت کی جھڑپ ہوئی تھی۔ اب محمد حفیظ ٹیم کے ساتھ سفر کررہے ہیں لیکن وہ ہیڈ کوچ کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔

مکی آرتھر اور سینیئر کھلاڑیوں کے اختلافات کی کہانیاں نئی نہیں ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں مصباح الحق اور یونس خان کے جانے کے بعد محمد حفیظ پاکستان کے سینیئر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں لیکن ان کا ستارہ گردش میں دکھائی دے رہا ہے۔

مکی آرتھر کا خیال ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی کے بعد محمد حفیظ توقعات پوری نہیں کرسکے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈر محمد حفیظ سے ایسا لگ رہا ہے کہ قسمت کی دیوی روٹھ گئی ہے اور فوری طورپر پاکستان ٹیم میں ان کی واپسی کا امکان دکھائی نہیں دے رہا۔

بولاوایو میں زمبابوے اورپاکستان کے درمیان چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ چوتھے میچ میں بھی محمد حفیظ کو کھلانے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیتے ہیں۔ حفیظ پاکستان ون ڈے ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جو ابھی تک کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیل سکے ہیں۔توقع ہے کہ چوتھے میچ میں آل راؤنڈر محمد نواز، شاداب خان کی جگہ کھیلیں گے۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ بدستور کوچ کے پلان میں شامل نہیں ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق ، کوچ مکی آرتھر سے سلیکشن معاملات میں رابطے میں ہیں تاہم ایسا لگتا ہے کہ انضمام الحق بھی مکی آرتھر کو قائل نہیں کرسکے ہیں۔

جمعرات کو بولاوایو میں پاکستانی ٹیم کے آپشنل سیشن میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ بابر اعظم ،امام الحق،آصف علی، محمد نواز اور حسن علی نے شرکت کی۔

محمد حفیظ نے ہوٹل میں آرام کو اس لیے ترجیح دی کہ کوچ انہیں چوتھے میچ میں بھی کھلانا نہیں چاہتے ہیں۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ریگولر اوپنرز کو نظر انداز کرکے حارث سہیل سے اوپننگ کرائی گئی جس پر سلیکٹرز کوچ سے ناراض ہیں لیکن مکی آرتھر سلیکشن کے معاملات میں کسی کی مداخلت برادشت نہیں کررہے ہیں۔

37 سالہ محمد حفیظ نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف 7 رنز بنائے تھے اور 3 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف اہم ترین میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر محمد حفیظ کو چوتھے میچ میں بھی باہر بٹھائیں گے۔ صورتحال دیکھتے ہوئے محمد حفیظ بھی گراؤنڈ میں الگ تھلگ دکھائی دیتے ہیں۔ میچوں کے دوران ٹی وی اسکرین پر کئی بار دکھائی دیا کہ محمد حفیظ ڈریسنگ روم سے باہر اکیلے بیٹھے ہوئے ہیں۔

ورلڈ کپ 11 ماہ کی دوری پر ہے لیکن پاکستان کی جانب سے پچاس ٹیسٹ، 200 ون ڈے اور83 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے کرکٹر کا کیریئر شدید بحران سے دوچار ہے۔ اگر وہ آخری ون ڈے میچ کھیلتے بھی ہیں تو انہیں بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔