Time 20 جولائی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

’طیفا اِن ٹربل‘ کے ریلیز سے قبل نئے ریکارڈز

’طیفا اِن ٹربل‘ کے ریلیز سے قبل نئے ریکارڈز—.فلم پوسٹر

پاکستان کی سب سے بڑی فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ ریلیز ہونے کے بعد جو ریکارڈ بنائے گی وہ تو سامنے آجائیں گے لیکن فلم کی ریلیز سے قبل طیفے نے بہت سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور بہت سارے سنگ میل عبور کر لیے ہیں۔آئیے آپ کو بھی بتاتے ہیں کہ طیفا کا طوفان ریلیز سے پہلے کن کن ریکارڈ ز کو اڑا لے گیا ہے۔ 

’طیفا اِن ٹربل‘ پاکستان کی پہلی فلم ہے جس کے ریلیز  سے پہلے ہی فلم کے ٹیزرز، ٹریلر اور گانوں نے یوٹیوب پر ایک کروڑ سے زیادہ ہِٹس حاصل کیے۔ یہی نہیں ریلیز سے قبل صرف یوٹیوب پر طیفا کے انہی پانچوں لنکس پر 2 کروڑ ہِٹس مل چکے ہیں۔ یعنی طیفا نے ریکارڈ توڑا اور پھر دوسروں کے لیے ریکارڈ کو اور بڑا کردیا ہے۔

طیفا پاکستان کی پہلی فلم ہے جس کو روس سمیت دنیا بھر کے 25 سے زائد ممالک میں ریلیز کیا جارہا ہے۔ ان میں سے کئی ممالک ایسے ہیں جہاں پہلی بار کوئی پاکستانی فلم ریلیز کی جائے گی۔

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے شاندار مناظر—.اسکرین گریب

طیفا پاکستان کی پہلی فلم ہے جسے اس خطے کے سب سے بڑے فلمی بینر نے پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں ڈسٹری بیوٹ کیا ہے۔

طیفا پاکستان کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہے۔ اس کا اب تک حتمی بجٹ تو سامنے نہیں آیا لیکن یہ بات طے ہے کہ اس فلم کی ٹیکنیکل سہولیات، لوکیشن، ایکشن، اسٹارز کا معاوضہ اور پروڈکشن صفات کو دیکھتے ہوئے فلم میکرز کا دعوہ مانا جاسکتا ہے کہ اس فلم کا بجٹ دیگر پاکستانی فلموں سے کافی زیادہ ہے۔

’طیفا اِن ٹربل‘ کے ٹریلر کو یو ٹیوب پر50 ہزار ”لائیکس“ ملے یہ کسی بھی پاکستانی فلم کا پہلا ٹریلر تھا جسے یہ اعزاز ملا ۔








طیفا پاکستان کی پہلی فلم ہے جس کی ریلیز سے پہلے اس کے ٹریلر کو صرف یو ٹیوب پر 30لاکھ ہٹس ملے ہیں ۔اس ریکارڈ میں صرف فلم ’پنجاب نہیں جاؤنگی‘ کے ہٹس تھوڑے آگے پیچھے ہوسکتے ہیں۔

طیفا کا ”آئٹم نمبر“ پاکستان کا پہلا فلمی گانا بنا جسے یو ٹیوب پر ریلیز کے پہلے دن 10 لاکھ ہٹس ملے۔ یہی نہیں اس گانے نے سب سے تیز 20 لاکھ، 30 لاکھ، 40 لاکھ اور 50 لاکھ ہٹس کے ریکارڈ بنائے اور پھر اس کے ریلیز کے سات دن کے اندر50 لاکھ ہٹس ہوگئے۔

طیفا کا ”آئٹم نمبر “ پاکستان کا پہلا فلمی گانا تھا جو یو ٹیوب کی ٹاپ ٹرینڈنگ میں بھی نمبر 1 آیا—.اسکرین گریب

طیفا کا ”آئٹم نمبر“ پاکستان کا پہلا فلمی گانا تھا جو یو ٹیوب کی ٹاپ ٹرینڈنگ میں بھی نمبر 1 آیا۔

طیفا کے آئٹم نمبر کے لیے ہی ریلیز سے پہلے اس گانے کو 83 ہزار لائکس ملے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

10۔طیفا اِن ٹربل کا” چن وے“ طیفا کے ہی ’آئٹم نمبر‘گانے سے مقبول ہوگیا۔ یہ پاکستان کی کسی بھی فلم کی ریلیز سے پہلے اب تک کا سب سے مشہور گانا ہے۔اس گانے نے پہلے 5 دنوں میں ’آئٹم نمبر‘ سے بھی زیادہ 50 لاکھ ہٹس حاصل کر کے نیا ریکارڈ بنایا اور فلم کی ریلیز سے پہلے 85 لاکھ ہٹس حاصل کیے۔

11۔ طیفا پاکستان کی پہلی فلم بنی جس کے تین گانوں کو فلم کی ریلیز سے پہلے یو ٹیوب پر کم سے کم 10 لاکھ ہٹس ملے ہیں۔ان میں سے ’آئٹم نمبر‘ کو 70 لاکھ اور ’سجنا دور‘ کو صرف تین دن میں 12 لاکھ ہٹس ملے ہیں۔

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا رومانوی گانا ’سجنا دور‘—.اسکرین گریب

طیفا کے ٹریلر اور گانوں نے مقبولیت کے سارے ریکارڈز اتنی تیزی سے توڑے کہ سب حیران رہ گئے۔

یوٹیوب پر پاکستانی میوزک اور ڈراموں کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک تو لاکھوں اور کروڑوں ہٹس حاصل کرتے تھے لیکن پاکستانی فلموں کے گانے مقبولیت میں سب سے پیچھے تھے۔لیکن اب ایسا نہیں طیفا نے سب کچھ بدل دیا ہے۔ اب باکس آفس پر طیفا کتنے ریکارڈز بناتا ہے یہ بھی جلد سب کے سامنے آجائے گا۔

مزید خبریں :