Time 24 جولائی ، 2018
پاکستان

نادرا نے ساڑھے 6 لاکھ شناختی کارڈز جاری کردیے

نادرا دفاتر 25 جولائی کو دن 2 بجے تک کھلے رہیں گے، ترجمان نادرا—جیو نیوز۔

اسلام آباد: نادرا نے پانچ روز میں ساڑھے 6 لاکھ شہریوں کے قومی شناختی کارڈ جاری کردیے جس کے باعث وہ ووٹ ڈالنے کے اہل ہوگئے ہیں۔

ترجمان نادرا کے مطابق کوریئر کمپنی نے 5 لاکھ 85 ہزار کارڈز سینٹرز پر پہنچادیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ دنوں میں 3 لاکھ شہریوں کو ان کے شناختی کارڈز مل چکے ہیں جبکہ تقریبا 3 لاکھ شناختی کارڈز نادرا سینٹرز پر موجود ہیں۔

نادرا دفاتر 25 جولائی کو دن 2 بجے تک کھلے رہیں گے جہاں سے شناختی کارڈز حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کارڈ پرنٹنگ عمل 24 گھنٹے کی بنیاد پر جاری رہا، شہری نادرا دفتر سے شناختی کارڈ حاصل کرکے ووٹ ڈال سکیں گے۔

خیال رہے کہ بدھ کو ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی جس میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کے روز حکومت کی جانب سے ملک میں بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پولنگ کے سامان کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں کل 120 جماعتیں فہرست میں ہیں جن میں سے 95 جماعتیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں میں الیکشن ہو رہا ہے ۔

مزید خبریں :