پاکستان
Time 25 جولائی ، 2018

ایم ایم اے نے بھی پولنگ عملے کی جانب سے نتائج روکنے کا الزام عائد کردیا

جہاں گنتی مکمل ہوگئی وہاں بھی نتائج نہیں دیے جارہے، فارم 45 نہ دینے نے الیکشن پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا، حافظ نعیم الرحمان— فوٹو: اسکرین گریب

کراچی: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) نے بھی پولنگ عملے کی جانب سے نتائج روکنے کا الزام عائد کردیا۔

متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دھاندلی شدہ نتائج قبول نہیں کریں گے۔

سربراہ ایم ایم اے مولانافضل الرحمن نے کہا کہ وہ جلد آل پارٹیز کانفرنس بلاکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

کراچی میں متحدہ مجلس عمل کے رہنما حافظ نعیم اور شبیر حسن میثمی نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پریزائڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دےرہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پولنگ ایجنٹوں نے بات کی تو انہیں پولنگ اسٹیشنز سےنکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں گنتی مکمل ہوگئی وہاں بھی نتائج نہیں دیے جارہے، فارم 45 نہ دینے نے الیکشن پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ن لیگ، ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی، پیپلز پارٹی، تحریک لبیک پاکستان ودیگر جماعتوں نے پولنگ عملے کے رویے کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :