زرداری، فریال تالپور جے آئی ٹی کے روبرو طلب، گیلانی کیخلاف ریفرنس منظور


اسلام آباد: ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا جب کہ نیب نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔

ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے الیکشن سے قبل سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا تاہم دونوں شخصیات کی قانونی ٹیم پیش ہوئی تھی جب کہ سپریم کورٹ نے اسی کیس میں ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ دونوں شخصیات کو الیکشن تک نہ بلایا جائے۔

جیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو اس بار مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ایف آئی اے کے نوٹس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو 4 اگست کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد طلب کیا گیا اور دونوں شخصیات کو جے آئی ٹی میں بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا ہے۔

دوسری جانب نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب اجلاس میں پی پی رہنما اویس مظفر کے خلاف 4 مختلف تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ایل ڈی اے کے افسران اور سابق چیف سیکریٹری راجہ محمد عباس کے خلاف انکوائری کی تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

نیب کے مطابق ایل ڈی اے افسران پر اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ میں بدعنوانی کا الزام ہے جب کہ ایل ڈی اے افسران پر قومی خزانے کو 4 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

نیب اجلاس میں سابق سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ غلام مصطفٰی اور ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ ثاقب سومرو کے خلاف تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق ملزمان پر ملیر ریور کی سینکڑوں ایکڑ اراضی غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر اور دیگر پر قومی خزانے کو 3 ارب روپے نقصان پہنچانےکا الزام ہے۔

چیئرمین نیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی جب کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید خبریں :