02 اگست ، 2018
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا شیڈول تبدیل کر کے فرسٹ کلاس کرکٹرز کے غیر ملکی معاہدے خطرے میں ڈال دیے ہیں۔
گزشتہ برس قائد اعظم ٹرافی 26 ستمبر سے شروع ہوئی تھی تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے اس برس پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی یکم ستمبر سے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
پی سی بی نے اس مرتبہ چار روزہ کرکٹ اور ون ڈے ٹورنامنٹ بھی ایک ساتھ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی جلد شروع کرنے سے کھلاڑیوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق درجنوں فرسٹ کلاس کرکٹرز کے انگلینڈ میں لیگ کرکٹ کے معاہدے ہیں لیکن فرسٹ کلاس سیزن جلد شروع کرنے سے کھلاڑیوں کے بیرون ملک معاہدے خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے انہیں معاہدے ختم کرنا پڑیں گے۔