پاکستان

کلثوم نواز ہوش میں اور بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں، حسین نواز


سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کلثوم نواز ہوش میں ہیں اور بتدریج بہتری کی جانب جا رہی ہیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز نے ایک ماہ کومے میں رہنے کے بعد اس روز آنکھیں کھولی تھیں جس روز نواز شریف لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

احستاب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں 6 جولائی کو سزا سنائے جانے کے بعد نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ 12 جولائی کو وطن کے لیے روانہ ہوئے تھے اور 13 جولائی کو دونوں کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

حسین نواز کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز ہوش میں ہیں لیکن ابھی وہ نہ تو اپنے ہاتھ پاؤں ہلا سکتی ہیں اور نہ ہی بات کر سکتی ہیں۔

ان کا بتانا تھا کہ کلثوم نواز خاندان کے افراد کو پہچانتی ہیں اور اگر کوئی بات کرے تو سر کے اشارے سے جواب بھی دیتی ہیں۔

حسین نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کہتے ہیں کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اتنا ضرور ہے کہ انہیں صحتیاب ہونے میں کافی وقت لگ جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کہتے ہیں دل کا دورہ پڑنے سے کلثوم نواز کے جسم کے اعضاء بری طرح متاثر ہوئے ہیں لیکن ان کا علاج جاری ہے اور وہ آہستہ آہستہ بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ والدہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں اور ان کی صحت بحال ہونے میں وقت لگے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص کیا تھا جس کے بعد سے وہ لندن میں علاج کروا رہی ہیں۔

مزید خبریں :