04 اگست ، 2018
شاہین ایئر لائن نے چین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے کی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔
شاہین ایئر ترجمان کے مطابق پی آئی اے حکام سے رابطے کا فیصلہ سول ایوی ایشن اور شاہین ایئر کی انتظامیہ نے اجلاس میں مشترکہ طور پر کیا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کو کمرشل ٹرمز کی درخواست بھیج دی ہے، جواب موصول ہونے پر اگلے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ شاہین ایئر کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کی تکلیف کا احساس ہے، ایئر لائن مسافروں کو جلد واپس لانے کے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہین ایئر گونزو لاہور روٹ پر ہفتہ میں 2 پروازیں چلاتی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شاہین ایئر کی 29 جولائی کی پرواز منسوخ ہوئی تو 260 مسافر پھنس گئے، پاکستانی قونصل جنرل کے تعاون سے 214 مسافر متبادل پرواز سے وطن واپس پہنچے جب کہ 46 مسافروں نے شاہین ایئر کی اگلی پرواز سے واپسی کو ترجیح دی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ شاہین ایئر کی 2 اور 5 اگست کی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں، اب 46 مسافروں سمیت کئی پاکستانی چین میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق گونزو میں پاکستانی قونصلر جنرل نے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کا آغاز کیا، بعدازاں شاہین ایئر نے مسافروں کو ہالی ڈے ولا ہوٹل گونزو میں رہائش فراہم کی گئی، اب ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کو خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی قونصل جنرل نے مسافروں سے ملاقات کی، مسافروں نے دی گئی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مسافروں کو کوئی تکلیف نہ ہو، پاکستانی قونصل جنرل، شاہین ایئر، مسافروں اور چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان کے مطابق جن مسافروں کے ویزے کی معیاد ختم ہو چکی ہے ان کے ویزے کی معیاد میں توسیع کے لیے چینی حکام سے رابطے میں ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین کی وزارت خارجہ کے مقامی حکام مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں اور شاہین ایئر بھی مسافروں کی جلد وطن واپسی کے لیے کوشاں ہے۔
شاہین ایئر لائن کی پرواز کی منسوخی کے باعث چین کے شہر گوانزو میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے شاہین ایئر کا طیارہ تاحال روانہ نہیں ہو سکا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی شاہین ایئر کو گوانزو کے لیے لامحدود پروازوں کی اجازت دیدی ہے۔
جیو نیوز کی جانب سے مسافروں کو پی آئی اے کے ذریعے واپس لانے کی خبر نشر ہونے کے بعد پی آئی اے نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے مشرف رسول نے چین کے شہر گوانزو میں پھنسے پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے واپس لانے کی ہدایت کی ہے۔