عرب امارات کی ایمنسٹی اسکیم میں پاکستانیوں کی دلچسپی،ایک ہفتےمیں 1100 درخواستیں

ایمنسٹی اسکیم کے سلسلے میں 700 پاکستانیوں نے امیگریشن سینٹر اور 400 نے قونصل خانے سے رابطہ کیا—۔فوٹو/ بشکریہ خلیج ٹائمز

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ایمنسٹی اسکیم میں پاکستانیوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے اور رپورٹ کے مطابق ہفتے بھر میں 1100 پاکستانیوں نے اس سلسلے میں قونصل خانے سے رابطہ کیا ہے۔

اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یکم اگست سے شروع کی گئی ایمنسٹی اسکیم کے سلسلے میں 700 پاکستانیوں نے امیگریشن سینٹر اور 400 نے قونصل خانے سے رابطہ کیا۔

واضح رہے کہ اماراتی مشن کی جانب سے شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت پاکستانیوں کو پیغام دیا گیا تھا کہ وہ اس سے فائدہ اٹھا کر اپنا تشخص ٹھیک کرکے اپنا دفاع کریں۔ 

اماراتی حکومت ایمنسٹی لینے والوں کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کر رہی ہے، انہیں نجی ائیرلائن کے ذریعے فری ٹکٹ جاری کیے جارہے ہیں، کاغذات کی تیاری اور امیگریشن فیس کی مد میں مالی معاونت دی جارہی ہے۔

دوسری جانب ایمنسٹی لینے والوں کو آؤٹ پاسسز بھی جاری کیے جا رہے ہیں اور ان کے ویزے کی معیاد 7 ماہ تک بڑھائی جارہی ہے تاکہ لوگ روزگار تلاش کرسکیں۔

قونصل جنرل جاوید حسن کے مطابق پاکستانی مشن نے اب تک 400 افراد کو سفری دستاویز جاری کی ہیں۔