09 اگست ، 2018
کراچی:گلشن اقبال میں واقع ایک نجی اسکول کو سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے غیر قانونی قرار دے کر سیل کردیا۔
ایس بی سی اے کے مطابق اسکول کی عمارت بغیر اجازت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔
ایس بی سی اے نے مقامی افراد کی شکایات موصول ہونے کے بعد اسکول کو سیل کیا، جن کا کہنا تھا کہ اسکول کے اوقات کے دوران سڑک پر ٹریفک جام ہوجاتا ہے جس سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سیل کیے گئے نجی اسکول میں 100 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں تاہم بچے جب آج صبح اسکول پہنچے تو انہیں اسکول کا دروازہ بند ملا۔
جس کے بعد طلباء سمیت والدین اور اسکول اسٹاف بھی فٹ پاتھ پر بیٹھ گیا۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اسکول کو سیل کرنے سے قبل ایس بی سی اے کی جانب سے کوئی نوٹس یا وارننگ نہیں بھیجی گئی تھی۔
دوسری جانب ڈائریکٹر اسکول کی ہدایت پر تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں پرائیوٹ اسکولز انسٹی ٹیوشنز کی رجسٹرار رفیعہ ملاح سمیت تین افراد شامل ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز انسٹی ٹیوشنز عبد الرزاق قاضی کے مطابق ایس بی سی اے کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جائے گی کیونکہ اسکول کو بغیر نوٹس کے سیل کیا گیا ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کامؤقف:
ایس بی سی اے نےاسکول کو سیل کرنے پر مؤقف اختیار کیا کہ اسکول رہائشی پلاٹ پر تعمیر ہے جسے کمرشل بنیاد پر استعمال کیا گیا ہے۔
ترجمان ایس بی سی اے نے بتایا کہ اسکول کوعلاقہ مکینوں کی شکایات پرسیل کیا گیا ہے اور سوسائٹی کی جانب سے بھی اسکول کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رہائشی زمین پرقائم اسکول کی زمین کو کمرشل کروانا پڑتا ہے اور اسکول کمرشل نہیں کروایا گیا تھا۔