پاکستان

پی ٹی آئی نےاسد قیصرکو اسپیکرقومی اسمبلی، چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کردیا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق اور دیگر کے ہمراہ بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جبکہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ اسد قیصر خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے اور تمام روایات سے واقف ہیں، انہوں نے تمام جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے اور ان کا رویہ دوسری جماعتوں کے لوگوں کے ساتھ قابل تعریف ہے۔

عمران خان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، اسد قیصر

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے اور میرے علاقے صوابی کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے اتنے بڑے عہدے کے لیے نامزد کیا۔

قومی اسمبلی کے نامزد اسپیکر کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی کے 22 سال عمران خان کے ساتھ گزارے ہیں، اس عرصے میں ہم نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سوچ، وژن اور نظریے لیے عمران خان کا ساتھ دیا کسی عہدے کے لیے نہیں، کوشش ہو گی کہ عمران خان کے اعتماد پر پورا اتروں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہو گی حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ساتھ لے کر چلوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایوان کو چلانے کا تجربہ ہے اور کوشش ہو گی کہ پاکستان کی خاطر اور اس ملک کے عوام کی خاطر سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

مضبوط اپوزیشن کو سنبھالنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اسد قیصر کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں بھی ہمیں تقریباً ایسی ہی صورت حال کا سامنا تھا لیکن ہم نے ایوان کو اچھے ماحول میں چلایا، قومی اسمبلی میں بھی سب کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا پورا پورا موقع دینے کی کوشش کریں گے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری سرور گورنر رہ چکے ہیں، وہ پنجاب کی سیاست جانتے ہیں اور گورنر کے آئینی کردار سے واقف ہیں جبکہ وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ بھی تھے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان چیئرمین عمران خان کریں گے۔

حمایت کرنے پر مسلم لیگ (ق)، عوامی مسلم لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سمیت تمام اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سربراہ جام کمال سے ہماری اچھی بات چیت ہوئی اور ان کے اتحادیوں سے بھی مذاکرات ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ کل کراچی میں پیر پگارا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی قیادت سے ملاقات ہوئی ، اس موقع پر جی ڈی اے نے مکمل اور غیر مشروط حمایت کا فیصلہ کیا۔

شاہ محمود کو وزیر خارجہ، پرویز خٹک کو داخلہ اور شیریں مزارکو وزیر دفاع بنائے جانے کا امکان

دوسری جانب ذرائع کا کہناہےکہ وفاق میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو وزارت داخلہ کا قلمدان دیا جائے گا جب کہ شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ اور شیریں مزاری کو وزیر دفاع بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا مین شہرام ترکئی کو دوبارہ سینئر وزیر صحت اور سائنس ٹیکنالوجی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ عاطف خان کو تعلیم اور توانائی کے قلمندان دیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :