Time 12 اگست ، 2018
پاکستان

انتخابات 2018: کئی سیاستدانوں کی خواتین رشتہ داروں کی قسمت بھی جاگ اٹھی

گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے اقلیتی اور خواتین کی نشستوں کا اعلان کیا گیا—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: انتخابات 2018 کئی خواتین سیاستدانوں کے لیے بھی نیک شگون ثابت ہوا، جس کے ساتھ ہی کئی سیاستدانوں کی بہنوں، بیٹیوں، بیویوں اور دیگر رشتہ داروں کی قسمت جاگ اٹھی اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بن گئیں۔

ان خواتین میں کچھ تو وہی ہیں، جو اس سے قبل بھی اسمبلی کا حصہ بن چکی ہیں جبکہ کچھ خواتین نئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے اقلیتی اور خواتین کی نشستوں کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 158 ہوگئی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 82 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 52 ہوگئی جبکہ متحدہ مجلس عمل کی نشستوں کی تعداد 15 ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد کردہ خواتین

پاکستان تحریک انصاف نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر شیریں مزاری، منزہ حسن، عندلیب عباس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی اہلیہ کی بہن نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک اور بھتیجی ساجدہ بیگم سمیت 16 خواتین اراکین کو نامزد کیا۔

دائیں سے بائیں:  نفیسہ عنایت اللہ خان، شیریں مزاری، منزہ حسن، عبدلیب عباس—۔فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد کردہ خواتین

مسلم لیگ (ن) نے خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت آصف اور بھتیجی شیزا فاطمہ، سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب، سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا کی اہلیہ اور سابق وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اہلیہ زہرہ ودود فاطمی، سابق وزیرمملکت چوہدری جعفر اقبال کی بیٹی زیب جعفر اور بھتیجی مائزہ حمید جبکہ رکن آزاد کشمیر اسمبلی ناصر ڈار کی بہن کرن ڈار سمیت 15 اراکین کو ٹکٹ دیئے۔

دوسری جانب چوہدری جعفر اقبال کی اہلیہ عشرت جعفر نے پنجاب اسمبلی میں نشست حاصل کی۔

دائیں سے بائیں: زینب جعفر، عائشہ غوث پاشا، طاہرہ اورنگزیب، مریم اورنگزیب، زہرہ ودود فاطمی، شیزا فاطمہ، مائزہ حمید—۔فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ خواتین

پاکستان پیپلز پارٹی نے حنا ربانی کھر، شگفتہ جمانی، شازیہ مری، ناز بلوچ کو خواتین کی مخصوص نشست دی۔

دائیں سے بائیں: ناز بلوچ، حنا ربانی کھر، شازیہ مری اور شگفتہ جمانی—۔فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کی نامزد کردہ خواتین

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کشور زہرا جبکہ متحدہ مجلس عمل نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کامران مرتضیٰ کی اہلیہ عالیہ کامران کو بلوچستان سے نامزد کیا ہے۔

دائیں سے بائیں: عالیہ کامران اور کشور زہرا—۔فائل فوٹو


مزید خبریں :