14 اگست ، 2018
آج 14 اگست ہے، پاکستان کی آزادی کا دن۔ اس احساس کا دن کہ یہی ہے وہ سرزمین، جو ہمارا فخر ہے اور ہمارا غرور بھی۔
جشن آزادی منانے کے لیے پوری قوم پرجوش ہے اور ہر کوئی اپنے ہی انداز سے خوشی کا اظہار کر رہا ہے۔ کہیں سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور برقی قمقمے لگائے گئے ہیں تو کہیں بچے، بڑے اور خواتین پاکستانی جھنڈے کےرنگوں میں ملبوس نظر آرہے ہیں۔
کہیں ملی نغمے بجائے جارہے ہیں تو کہیں آتش بازی اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ پرچم کشائی اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لیے دیگر تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا۔
لیکن اس مرتبہ جشن آزادی منانے کے لیے منفرد انداز بھی اپنائے گئے۔
وطن سے محبت کا اظہار پودے لگا کر
ویسے تو کافی عرصے سے ملک میں شجرکاری کی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ موسم کی شدت کے اثرات سے بچا جاسکے، لیکن اس یوم آزادی پر خصوصی طور پر لوگ پودے لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو سرسبز بنانے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں پاک فوج نے بھی یوم آزادی کے موقع پر قوم کے لیے تحفے کے طور پر ایک کروڑ درخت لگانے کا اعلان کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے ملک گیر‘سرسبز و شاداب پاکستان’ مہم کا آغاز کیا۔
دیگر لوگ بھی شجرکاری کی اس مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔
بیماروں میں خوشیاں تقسیم کرکے
کچھ لوگوں کے نزدیک آزادی کا جشن محض گھر اور محلے کو سجانا نہیں ہوتا، بلکہ وہ بیماروں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر کے بھی خوشیاں مناتے ہیں۔
'کُمک پاکستان' بھی ایک ایسی ہی تنظیم ہے، جس نے اس 14 اگست پر پیشنٹس ہیلپنگ ہینڈز (Patients Helping Hands) کے ساتھ مل کر کراچی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ پر آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں زیرعلاج بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور آزادی کا صحیح معنوں میں جشن منایا۔
71 ویں جشن آزادی کے موقع پر 71 فٹ طویل کیک
پاکستان کی آزادی کے 71 برس مکمل ہونے پر لاہور میں 71 فٹ لمبا کیک تیار کیا گیا، جس کا وزن ایک ہزار کلو گرام تھا۔
کیک کاٹنے کی تقریب میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، جبکہ نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اہلیہ تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔
اس موقع پر اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا، جبکہ کیک تیار کرنے والے شیفس بھی قومی جذبے سے سرشار ہوکر بے اختیار گیت گنگنانے لگے۔
تقریب کے دوران کینسر کے مریضوں نے ایسے ردھم میں ڈھول بجایا کہ سننے اور دیکھنے والے بے اختیار داد دینے پر مجبور ہو گئے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی پاکستان کی آزادی کو 71 برس مکمل ہونے پر 71 فت طویل کیک تیار کیا گیا۔
100 فٹ طویل پاکستانی پرچم تیار
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کے نجی اسکول کے طلباء نے 100 فٹ طویل سبز ہلالی پرچم تیار کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب بورے والا میں بھی اسکولوں اور کالجوں کے طلباءنے 4500 میٹر کپڑے پر پاکستانی پرچم تیار کرلیا۔
اس پرچم کی تقریب رونمائی قائد اعظم اسٹیڈیم میں ہوئی، منتظمین کا کہنا تھا کہ پرچم پر چاند اور تارا بنانے میں 6 دن لگے۔
تیتروں کی بولی کا بین الصوبائی مقابلہ
صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں جشن آزادی کے موقع پر تیتروں کی بولی کے بین الصوبائی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے لائے گئے تیتروں نے حصہ لیا اور اپنی بولیوں سے جنگل میں منگل کا سماں باندھ دیا۔
گھوٹکی کے علاقے رونتی میں یہ مقابلہ 14 اگست کی مناسبت سے منعقد کیا جاتا ہے اور اس میں سب سے زیادہ مرتبہ بولنے والے تیتر کو انعام دیا جاتا ہے۔
تیتروں کے اس مقابلے میں چاروں طرف بیٹھے جج اپنی ماہرانہ صلاحیتوں سے ہر تیتر کی نکلنے والی آواز نوٹ کرتے ہیں۔
اس سال اس مقابلے میں عبداللہ گھوٹو کا تیتر 266 بار بول کر پہلے نمبر پر رہا، جبکہ امجد پٹھان کا تیتر 257 بار بول کر دوسرے اور ابو طالب کا 250 بار بول کر تیسرے نمبر پر رہا، جنہیں بالترتیب 5 ہزار، 3 ہزار اور 2 ہزار روپے انعام کے طور پر دیئے گئے۔