Time 20 اگست ، 2018
پاکستان

غداری کیس: پرویز مشرف کی عدم گرفتاری پر سیکریٹری داخلہ عدالت طلب

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے کیس کی سماعت کی: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود سابق صدر پرویز مشرف کی عدم گرفتاری پر سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس یاور علی اور جسٹس نذر محمد نے سابق صدر پرویز مشرف کےخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے کہا کہ پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے، باوجود ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ملزم کوعدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

اس پر پرویز مشرف کےوکیل اختر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل ٹرائل میں پیش ہونا چاہتے ہیں، سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

عدالت نے سابق صدر کی عدم گرفتاری پر سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔

عدالت نے حکم دیا کہ پرویز مشرف کے342 کے بیان سے متعلق سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔

مزید خبریں :