دنیا
Time 21 اگست ، 2018

پاکستانی آرمی چیف سے گلے ملنے پر سدھو کیخلاف غداری کے مقدمے کی درخواست منظور

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نوجوت سدھو کی وزیراعظم پاکستان کی تقریب حلف برداری میں بغل گیر ہوتے ہوئے لی گئی تصویر

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پر عمران خان کی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست منظور کرلی گئی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی جہاں تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا پرجوش استقبال کیا تھا اور دونوں بغل گیر بھی ہوئے تھے۔

پاکستانی آرمی چیف سے گلے ملنے پر سدھو کو بھارت میں کافی تنقید کا سامنا ہے اور انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی آرمی چیف سے گلے ملنے پر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے مقامی وکیل سدھر اوجھا نے ریاست بہار کے علاقے مظفر پور کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ 

درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستانی آرمی چیف کے گلے لگ کر بھارتی فوج کی تذلیل کی ہے اور ان کی اس حرکت سے بھارتیوں کی دل آزاری ہوئی ہے لہٰذا ان پر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

عدالت نے وکیل کی درخواست منظور کرلی جس پر سماعت اگلے ہفتے کی جائے گی۔

ہندو انتہا پسند جماعت نے نوجوت سنگھ کے سر کی قیمت 5 لاکھ مقرر کردی

دوسری جانب بھارتی انتہا پسند جماعت بجرنگ دل نوجوت سنگھ کے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر کردی ہے۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں انتہا پسند جماعت کے عہدیدار سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔


مزید خبریں :