24 اگست ، 2018
بالی وڈ اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے تعلق اور شادی کے بارے میں کافی عرصے سے افواہیں گردش کر رہی ہیں اور اب بالآخر رنبیر نے اس حوالے سے خاموشی توڑ ڈالی۔
ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں رنبیر کپور نے اس موضوع پر کھل کر بات کی۔
رنبیر کا کہنا تھا، 'یہ (افواہیں) شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، آپ ایک کہانی بناتے ہیں اور جلد ہی پہلی کہانی سے ایک اور اسٹوری بن جاتی ہے اور پھر یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ مجھے ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ شادی ایک ایسی چیز ہے جو قدرتی طور پر ہوتی ہے، یہ بالکل ایسا نہیں ہے کہ اوکے میں 35 سال کا ہوگیا ہوں، لہذا اب مجھے شادی کرلینی چاہیے۔ یہ فیصلہ آپ کو اور آپ کے پارٹنر کو خود سے کرنا چاہیے اور آپ دونوں کو یہ محسوس کرنا چاہیے کہ اب یہ مناسب وقت ہے اور ہمیں اس تعلق کو اگلے مرحلے تک لے کر جانا ہے۔'
اداکار نے مزید کہا، 'لیکن فی الوقت ایسا کچھ نہیں ہے، میں نے ابھی تک شادی کا فیصلہ نہیں کیا۔'
رنبیر نے بتایا، 'میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ یہ سب ابھی بہت نیا ہے، لہذا ابھی اس بارے میں کچھ کہنا یا جانچنا قبل از وقت ہوگا'۔
انہوں نے مزید کہا، 'میں اپنی زندگی کے ایک خوش، مثبت اور خوبصورت مرحلے پر ہوں، لیکن آپ ذاتی زندگی پر ایک حد تک ہی بات کرسکتے ہیں، دوسری صورت میں آپ کی ذاتی زندگی حاوی ہوجاتی ہے اور آپ کا کام پیچھے رہ جاتا ہے۔'
رنبیر کے مطابق، 'کسی کی ذاتی زندگی کے بارے میں جاننے کے لیے ہمیشہ ہی تجسس ہوتا ہے، لیکن آپ چاہتے ہیں کہ اس تعلق کو عزت دی جائے تاکہ لوگ اس کے بارے میں گپ شپ کرکے اسے بدنام نہ کریں۔ یہ تعلق آپ کے لیے بہت خوبصورت، مقدس اور انتہائی اہم ہوتا ہے، لہذا آپ ان معاملات سے بہت اچھے طریقے سے ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔'
اپنی آنے والی فلم 'برہم سترا' میں عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے رنبیر کا کہنا تھا، 'مجھے امید ہے کہ اس فلم میں مجھے عالیہ بھٹ کے ساتھ ایک اچھی آن اسکرین جوڑی بنانے اور اچھا کام کرنے کا موقع ملے گا، لہذا میں بہت پرجوش ہوں اور ایک تخلیقی کاوش کی توقع کر رہا ہوں۔'
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس جون کے اوائل میں ایک انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ عالیہ بھٹ کی حقیقی زندگی اور اداکاری کے بے انتہا دیوانے ہیں۔
اسی طرح عالیہ بھٹ سے ایک ٹاک شو کے دوران جب رنبیر کپور کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے خاموشی اختیارکرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس سے متعلق کچھ کہنا نہیں چاہتی، جب کہ رنبیر نے بھی اسی طرح کے سوال پر کہا تھا کہ ابھی اس معاملے پر بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔