اداکارہ نرگس اور میگھا وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان پر برس پڑیں


اداکارہ نرگس نے پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بارے میں کہا ہے کہ آپ ذمہ دار عہدے پر ہیں، اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں۔

سوشل میڈیا پر صوبائی وزیر اطلاعات کی جانب سے اداکارہ نرگس کے حوالے سے ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’میری کوشش تھی کہ وہ تھوڑی سی میری رینج میں آئے، میں نرگس کو حاجی نرگس نہ بناتا تو پھر آپ کہتے، اور میگھا سال میں 300 روزے نہ رکھتیں تو پھر آپ کہتے‘۔

اس حوالے سے بیرون ملک مقیم اداکارہ نے جیونیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہہ چکی ہوں اور اپنے گھر میں ہنسی  خوشی زندگی گزار رہی ہوں۔

نرگس نے کہا کہ میں نہ کسی کو ڈسکس کرتی ہوں اور نہ چاہتی ہوں کہ مجھے کوئی ڈسکس کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر صاحب کا مجھ سے متعلق بیان سامنے آیا ہے، وزیر صاحب آپ ذمہ دار عہدے پر ہیں، اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ منسٹر صاحب، کسی بھی گھر بیٹھی خاتون کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال نہیں کرتے، ہر شخص عزت دارہے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وزیر صاحب، احتیاط کریں ورنہ ہر عزت دار شخص قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اداکارہ میگھا بھی فیاض چوہان پر برس پڑیں

اداکارہ میگھا — فوٹو: فائل

اداکارہ میگھا نے بھی فیاض الحسن چوہان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ خواتین آرٹسٹوں کے متعلق شکایات کر رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو آپ اسے دور کریں، اپنے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ آپ خواتین آرٹسٹوں کی کردار کشی کر رہے ہیں، آپ کو شرم نہیں آتی، ہم بیٹی، ماں، بہن اور بیوی ہیں، آپ ہماری پوری دنیا کے سامنے کردار کشی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے آپ اپنی زبان تو ٹھیک کریں اس کے بعد کسی اور کو ٹھیک کیجئے گا۔

نرگس اور میگھا قابل احترام ہیں، فیاض چوہان

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے الفاظ پر معذرت کی۔

ویڈیو پیغام میں فیاض چوہان نے کہا کہ اداکارہ نرگس کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو پر معذرت خواہ ہیں۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اداکارہ میگھا نے شکوہ کیا تھا کہ فیاض الحسن چوہان نے معذرت کرتے ہوئے ان کا نام نہیں لیا جس کے بعد فیاض چوہان نے دوبارہ پیغام جاری کیا۔

فیاض چوہان نے کہا کہ 'میگھا کی طرف سے گلہ آیا کہ ان کا نام نہیں لیا گیا، میڈم میگھا سے بھی معذرت کرتا ہوں اگران کو بھی ذہنی یا دلی تکلیف ہوئی ہے'۔

فیاض چوہان نے مزید کہا کہ 'فن، فلم انڈسٹری اور تھیٹر کے میدان میں آپ سب ہمارا سرمایہ ہیں، پاکستان فلم انڈسٹری بہت پیچھے چلی گئی ہے، فنکاروں نے مجھے مشورہ دینا ہے کہ کیسے فلم انڈسٹری کو بہتر کریں'۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ 'میں نے لائٹر موڈ میں میگھا یا نرگس سے متعلق کہا، آپ بہت قابل احترام ہیں'۔

مزید خبریں :