Time 12 ستمبر ، 2018
کھیل

سابق لیگ اسپنرعبدالقادر نے انضمام الحق اور باسط علی کی نیندیں اڑا دیں

باسط علی نے بھی عبدالقادر کے حوالے سے اپنی گفتگو کو غلط بیانی قرار دیا — فوٹو:فائل 

لاہور: سابق ٹیسٹ لیگ اسپنر عبدالقادر نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور باسط علی کی نیندیں اڑا دیں۔

پاکستان جونئیر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے چند دن پہلے ٹیلی فون پر دوران گفتگو سابق ٹیسٹ اسپنر عبدالقادر سے کہا تھا کہ انہیں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے فون پر بیٹے ابتسام الحق کو انڈر 19 ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا شکوہ کیا تھا۔

باسط علی نے موقف اختیار کیا کہ ابتسام ضرور ایک اچھا کرکٹر ہے لیکن اس کی اوسط محض 27ہے اور اس سے کئی بہتر کھلاڑی سلیکشن کے لئے دستیاب تھے۔

باسط علی کی ٹیلی فون پر انضمام الحق کے ساتھ ہونے والی گفتگو جب سابق چیف سلیکٹر کے توسط سے سوشل میڈیا پر زبان زد عام ہوئی تو انضمام الحق کو وضاحت دینی پڑی اور انہوں نے ویڈیو بیان میں اس کی تردید کی۔

دوسری جانب باسط علی نے بھی عبدالقادر کے حوالے سے اپنی گفتگو کو غلط بیانی قرار دیا جس کے بعد سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر سامنے آئے اور انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ حالیہ معاملات انتہائی افسوس ناک ہیں۔

ان کا مؤقف ہے کہ باسط علی نے انضمام الحق سے منسوب بات انہیں ٹیلی فون پر کہی تھی لیکن اب باسط علی اپنے بیان پر بھلے ہی قائم نہ رہیں لیکن وہ یہ بات ببانگ دہل کہہ رہے ہیں کہ باسط نے خود فون کرکے یہ سب کچھ کہا تھا۔

عبدالقادر مزید کہتے ہیں کہ انہیں تو یہ بھی نہیں پتہ کہ انضمام الحق کا بیٹا کھیلتا ہے اور باسط علی جونئیر چیف سلیکٹر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ اب سامنے ہے، وہی حقیقت ہے اور وہ پورے اعتماد سے اپنے حوالے سے سوشل میڈیا پر آنے والے بات پر قائم تھے اور رہیں گے۔

مزید خبریں :