13 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بیرون ملک سرمایہ اور اثاثہ جات کی واپسی کے لیے ریکوری یونٹ کےقیام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کےمطابق وفاقی کابینہ نے کیڈ ڈویژن کو ختم کرنے کی منظوری دےدی جب کہ وفاق میں صحت سےمتعلقہ امور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسزکےماتحت کرنے اور ملکی اداروں میں ریگولیٹری نظام کی کارگردگی بڑھانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
پشاور میٹرو اور اورنج ٹرین سمیت تمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے خصوصی آڈٹ کی منظوری
ذرائع کاکہناہےکہ کابینہ نے اورنج ٹرین سمیت گزشتہ حکومت کےتمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں کا خصوصی آڈٹ کرانےکی منظوری دی ہے جس کے تحت راول پنڈی، لاہور، ملتان اور پشاور میٹرو بس منصوبوں کا عالمی معیارکی آڈٹ فرم سے خصوصی آڈٹ کرایا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے بیرون ملک سرمایہ اور اثاثہ جات کی واپسی کے لیے ریکوری یونٹ کےقیام کی بھی منظوری دے دی، ریکوری یونٹ احتساب کے حوالے سے ٹاسک فورس کی معاونت کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان نیوی ایکٹ 1961ءمیں ترمیم اور سپریم کورٹ کے فیصلےکی روشنی میں انکم ٹیکس ترمیمی آرڈنینس میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔