14 ستمبر ، 2018
کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے ساحلوں پر دفعہ 144 کے تحت نہانے پر پابندی عائد کردی۔
ہوم سیکریٹری سندھ عبدالکبیر قاضی کے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سمندر میں نہانے پر پابندی بلند لہروں اور طغیانی کی وجہ سے عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 17 ستمبر سے 30 روز تک ہوگا۔
کراچی کے ساحلوں پر اکثر وبیشتر لوگوں کے ڈوبنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جس میں لوگوں کی بے احتیاطی اور کچھ مقامات پر حفاظتی انتظامات کی کمی جیسے عوامل کا بھی ہاتھ ہے۔
رواں برس جون میں بھی کراچی کے قریب شپ بریکنگ یارڈ گڈانی کے ساحل پر سمندر میں نہاتے ہوئے 17 افراد ڈوب گئے تھے، جن میں سے 11 افراد کو بچالیا گیا تھا۔
اسی ماہ کراچی کے ساحل سینڈز پٹ پر بھی 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے، جو عید الفطر کے دوسرے دن پکنک منانے ساحل پر گئے تھے۔