17 ستمبر ، 2018
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنانےکا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس حوالے سے اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن کے معاملے پر برطانوی ہائی کمشنر کے عشائیے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ اب تک آپ لوگوں نے کمیشن نہیں بنایا،اپوزیشن بھرپور احتجاج کرے گی۔
اس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ آپ کے احتجاج کی وجہ سے ہی اب تک کمیشن نہیں بن سکا۔
انہوں نے شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی کہ کل پارلیمانی کمیشن کا اعلان کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) نے ایک مرتبہ پھر انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے مسئلے پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے اور اسے جلد از جلد تشکیل دیا جائے۔