Time 18 ستمبر ، 2018
پاکستان

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے


مدینہ منورہ: وزیراعظم عمران خان اپنے 2 روزہ پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔

گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا جب کہ پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فوادچوہدری اور مشیر تجارت عبد رزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار کر قدم رکھے، وفد کےہمراہ روضئہ رسول پرحاضری دی ، نوافل اور نماز مغرب ادا کرکے جدہ روانہ ہوگئے۔

وزیر اعظم عمران خان اور انکے وفد کی مدینہ منورہ میں روضہ رسول کی زیارت—فوٹو: پی ٹی آئی سوشل میڈیا پیج

وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضئہ رسول ﷺ پر حاضری دی، نوافل اور نماز مغرب بھی ادا کی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان جدہ پہنچے تو ڈپٹی گورنر مکہ، پاکستانی قونصل جنرل شہریار اکبر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان عمرہ کرنے مکہ مکرمہ بھی جائیں گے اور ان کی سعودی قیادت سے ملاقات کل ہوگی جب کہ وزیراعظم سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہناہےکہ وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یو اے ای بھی جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد بھی ملاقات کریں گے۔

مزید خبریں :