21 ستمبر ، 2018
دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہوگئے۔
افغانستان کے خلاف میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث انہیں میچ کے لئے پلئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا۔
قومی ٹیم نے شیخ زید اسٹیڈیم میں جمعے کی نماز ادا کی جس کے بعد شاداب خان کا فٹنس ٹیسٹ پاکستان کے ٹرینر گرانٹ لوڈن نے لیا۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 19 سالہ شاداب خان کو انجری سے بچانے کے لئے انہیں میچ میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
شاداب خان نے بھارت کے خلاف میچ میں 9 گیندوں پر روہت شرما کی وکٹ حاصل کی تھی۔
شاداب خان کے ان فٹ ہونے پر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ محمد عامر کو خراب بولنگ فارم کی وجہ سے ڈراپ کرکے شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے کیپ دی گئی۔
شاہین شاہ کو ون ڈے کیپ بولنگ کوچ اظہر محمود نے دی جب کہ فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حارث سہیل کو شامل کیا گیا ہے۔