22 ستمبر ، 2018
پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈچ کوچ رولینٹ اولٹمینز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ان کی جگہ حسن سردار کو ہیڈ کوچ کی اضافی ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے رولینٹ اولٹمینز کو پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں سال قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا لیکن چند ہی ماہ میں ان کے پی ایچ ایف سے اختلافات ہوگئے۔
اپنے استعفی کے بعد قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک پیغام میں اولٹمنز نے کہا کہ موجودہ حالات ایسے نہیں کہ جن میں پلیئرز اپنی بہترین پرفارمنس دے سکیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ان حالات کو بہتر کرنے کی صلاحیت نہیں۔
اولٹمنز کے استعفے کے بعد اب پاکستان ہاکی فیڈریشن حسن سردار کو قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی اضافی ذمہ داری سوپنے پر غورکررہی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمینز کے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کر دی۔
ترجمان پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ اولٹمینز کے کچھ فیملی مسائل ہیں، قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمینز فیڈریشن کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ فیملی مسائل کی وجہ سے ہالینڈ میں ہیں، رولینٹ اولٹمینز نے کوچنگ جاری رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے دو روز کا وقت مانگا ہے، وہ دو روز میں اپنی دستیابی کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔