25 ستمبر ، 2018
دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑی پاکستانی ٹیم سے زیادہ تجربہ کار ہیں اور پے در پے شکست ناتجربہ کاری کا نتیجہ ہے۔
دبئی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچز میں جو کچھ ہوا اس کے بعد ڈریسنگ روم میں یقیناً مایوسی تھی جس کے بعد کھلاڑیوں نے ساتھ بیٹھ کر اس پر بات کی۔
شعیب ملک نے کہا کہ ہم بھارت کے خلاف دو میچز ہارے اور بعض شعبوں میں ہمیں بہتری کی ضرورت ہے، اگلے میچز میں انفرادی منصوبہ بندی میں کچھ تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی ٹیم کے خلاف دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن بطور کھلاڑی یہ نہیں سمجھتا کہ کون سی ٹیم مضبوط ہے اور کون کمزور، میچ کے روز اگر دو سے تین بولرز یا بلے باز کارکردگی پیش کردیں تو میچ کا نتیجہ تبدیل ہوجاتا ہے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی فارم میں ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ کارکردگی کا تسلسل جاری رکھیں، ہر کھلاڑی کو انفرادی طور پر پرفارم کرنا ہوگا، یہ کرکٹ بورڈ، مینجمنٹ یا سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری نہیں بلکہ کھلاڑی کی ہے۔
آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی سے سنچری بنانا اور 5 وکٹیں لینا تقاضا نہیں بلکہ مقصد یہ ہے کہ کھلاڑی گراونڈ میں جائیں اور اچھے شارٹس کھیلتے ہوئے کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھیں۔