28 ستمبر ، 2018
کراچی میں شارع فیصل پر کرنسی ایکسچینج سے پیسے لے کر نکلنے والے شہری سے 20 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، یہ واردارت 'وائٹ کرولا گینگ' نے کی، جو اس سے قبل بھی کرنسی ایکسچینج سے پیسے لے کر نکلنے والے متعدد افراد سے لوٹ مار کرچکا ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ وائٹ کرولا گینگ 10 لاکھ یا اس سے زائد کی وارداتیں کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق لٹنے والا شہری سعودی عرب سے آیا تھا اور غیر ملکی کرنسی تبدیل کرانے ایکسچینج گیا تھا، جہاں اُس نے 20 لاکھ روپے کی کرنسی تبدیل کروائی تھی۔
پیسے لے کر وہ جیسے ہی نکلا تو گاڑی میں سوار چار مسلح ڈاکوؤں نے اسے روکا، صرف رقم والا تھیلا چھینا اور فرار ہوگئے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ شہری سے 20 لاکھ روپے چھیننے والا گروہ 'وائٹ کرولا گینگ'ہے، جو کئی ماہ سے کرنسی ایکسچینج سے خطیر رقم لے کر نکلنے والوں کو لوٹ رہا ہے۔
اس گینگ نے مارچ میں ڈیفنس فیز 2 ایکسٹینشن سے ایک شہری سے 10 لاکھ روپے لوٹے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ان ملزمان نے اپنا حلیہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں جیسا بنا رکھا ہے، یہ گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل کرکے وارداتیں کرتے ہیں اور سب مشین گن بھی ساتھ رکھتے ہیں۔
ملزمان نے فروری میں کورنگی میں ایک شہری سے 10 ہزار یوروز چھینے تھے جو وہ اسٹیڈیم روڈ پر واقع منی ایکسچینج سے لے کر نکلا تھا۔
اسی گینگ نے مئی میں فیڈرل بی ایریا میں بھی کئی لاکھ کی ڈکیتی کی تھی، اس واردات میں ملزمان نے مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ واردات ملزمان نے موٹرسائیکل پر کی تھی۔
اسی گینگ نے اپریل کے پہلے ہفتے میں جھیل پارک کے قریب 20 لاکھ کی ڈکیتی بھی کی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان منی ایکسچینج سے کم از کم 10 لاکھ روپے کی رقم لے کر نکلنے والے افراد کو لوٹتے ہیں۔
کئی ماہ سے وارداتیں کرنے والے یہ ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج بن چکے ہیں۔